Urdu News

وزیر اعظم نریندر مودی کا امریکہ میں شاندار استقبال، کیوں ہے اسلام آباد اور بیجنگ میں بے چینی

وزیر اعظم نریندر مودی کا امریکہ میں شاندار استقبال

واشنگٹن،23 ستمبر

وزیر اعظم نریندر مودی  کواڈ میٹنگ کے لیے امریکہ پہنچ چکے ہیں، امریکہ میں و زیر اعظم کا شاندار استقبال کیا گیا ، وزیر اعظم امریکہ میں افغانستان سمیت اسلام آباد اور بیجنگ پر کھل کر بات کریں گے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکہ آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مسٹر مودی کا طیارہ آج صبح واشنگٹن ہوائی اڈے پر اترا ، جہاں امریکہ میں ہندوستان کے سفیر ترنجیت سنگھ سندھو نے ان کا استقبال کیا۔

مسٹر سندھو کے ساتھ کے ساتھ وزیر اعظم مودی کا استقبال کرنے کے لیےبریگیڈیئر انوپ سنگھل ، ایئر کموڈور انجن بھدر ، نیول اتاشی کموڈور نربھیا باپنا اور امریکی ڈپٹی اسٹیٹ آف مینجمنٹ اینڈ ریسورسز ٹی ایچ برائن میک کین بھی ائیر پورٹ پہنچے۔ اس کے ساتھ ہی مسٹر مودی کے استقبال کے لیے ہندوستانی برادری کے لوگوں کی بڑی تعداد بھی ہاتھوں میں ترنگا لیے ہوائی اڈے کے باہر موجود تھی۔ ہوائی اڈے سے نکلنے کے بعد مسٹر مودی نے جوائنٹ بیس اینڈریوز کے باہر ان (مسٹر مودی) کے منتظر ہندوستانیوں کی طرف سے ان کی مبارکباد قبول کی۔

اس کے بعد مسٹر مودی واشنگٹن کے ایک ہوٹل پہنچے جہاں ان کا ہندوستانی برادری کے لوگوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعظم مودی 23 ستمبر کو امریکی وقت کے مطابق صبح 9:40 بجے (بھارتی وقت کے مطابق 7:15 بجے) مختلف کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقات کریں گے۔ جن کمپنیوں کے سی ای او مسٹر مودی ملیں گے ان میں کوالکم کے صدر اور سی ای او ، ایڈوب کے صدر ، فرسٹ سولر کے سی ای او ، جنرل ایٹمکس کے صدر اور سی ای او اور بلیک اسٹون کے بانی شامل ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کو صبح 11.15 بجے پالم ایئر فورس ہوائی اڈے سے خصوصی طیارے کے ذریعے امریکہ کے لیے روانہ ہوئے۔ ان کے ساتھ وفد میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال ، سکریٹری خارجہ ہرش وردھن شرنگلا اور دیگر اعلیٰ سینئر حکام وفد میں ان کے ساتھ امریکہ گئے ہیں۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر پہلے ہی امریکہ پہنچ چکے ہیں۔

امریکہ میں وزیراعظم کی متعدد شخصیات سے ملاقات متوقع

وزیراعظم نریندرمودی تین روزہ دورہ پر جمعرات کو صبح 3.30 بجے واشنگٹن پہنچے۔امریکہ پہنچنے کے بعد مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا ’’واشنگٹن ڈی سی پہنچ گیا ۔ اگلے دو دنوں میں میں امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس ، آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن ، جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہیدے سوگا سے ملاقات کروں گا۔ اس دوران کواڈ میٹنگ میں شرکت کروں گا۔اعلیٰ کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقات کروں گا اور ان کے ساتھ ہندوستان کی معاشی کامیابیوں کا اشتراک کروں گا۔

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے امریکہ میں مقیم ہندوستانی کمیونٹی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ’’واشنگٹن ڈی سی میں پرتپاک استقبال کے لیے ہندوستانی برادری کا شکر گزار ہیں۔ ہمارے غیر مقیم ہماری طاقت ہیں ۔ یہ قابل ستائش ہے کہ کیسے ہندوستانیوں نے دنیا بھر میں اپنے آپ کو ثابت کیا ہے‘‘۔

وزیر اعظم مودی آج پانچ بڑی کمپنیوں کوالکوم ، ایڈوب ، فرسٹ سولر ، جنرل ایٹمکس اور بلیک اسٹون کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرز (سی ای او) سے ملاقات کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی وہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس سے بھی ملاقات کریں گے۔

Recommended