وزیراعظم جناب نریندر مودی نے امریکہ کے اپنے دورے کے دوران امریکہ کی نائب صدر عزت مآب کملا ہیرس سے 23 ستمبر 2021 کو واشنگٹن میں ملاقات کی۔
انہوں نے اپنی اولین بالمشافہ ملاقات پر خوشی کااظہار کیا۔ انہوں نے اس سے پہلے جون 2021 میں ٹیلی فون پر ہوئی اپنی گفتگو کو گرمجوشی سے یاد کیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان سمیت حالیہ عالمی حالات و واقعات پر تبادلہ خیال کیا اورایک آزاد، کھلے اور مبنی بر شمولیت بھارت- بحر الکاہل خطے کے تئیں عہد بندی کی توثیق کی۔
دونوں لیڈروں نے اپنے اپنے متعلقہ ملکوں میں کووڈ۔19 عالمی وبا سے متعلق صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ان میں ٹیکہ کاری سے متعلق کوششوں میں تیزی لاکر اور اہم اور ضروری دواؤں، اور حفظان صحت سے متعلق آلات اور ضروری ساز و سامان کی سپلائی کو یقینی بناکر اس عالمی وبا پر قابو پانے کی غرص سے کی جارہی کوششیں شامل ہیں۔
دونوں فریقوں نے آب و ہوا میں تبدیلی کے مسئلے پر تعاون پر مبنی اقدامات کی اہمیت کا اعتراف کیا۔ وزیراعظم نے قابل تجدید توانائی میں اضافہ کرنے کی غرض سے بھارت کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور حال ہی میں شروع کئے گئے نیشنل ہائیڈروجن مشن کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے ماحولیات کی پائیداری کو فروغ دینے کی غرض سے طرز زندگی میں تبدیلی لانے کی اہمیت پربھی زور دیا۔
دونوں لیڈروں نے خلا کے شعبے میں تعاون، اطلااعاتی ٹکنولوجی، خصوصی طور پر ابھرنے والی اوراہم کلیدی ٹکنولوجیز کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کے شعبے میں تعاون سمیت مستقبل میں کئے جانے والے اشتراک کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں قائدین نے اس بات کا اعتراف کیا کہ عوام سے عوام کے مابین فعال روابط ،باہمی طور پر مفید تعلیمی روابط کی بنیاد ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ اس کے ذریعہ ہمارے دونوں ممالک کے مابین علمی پہلوؤں، اور علم کے مختلف شعبوں کا تبادلہ ، اختراع اور اس کے تبادلوں کا راستہ بھی ہموار ہوگا۔
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے نائب صدر محترمہ کملا ہیرس اور دوسری اہم شخصیت جناب ڈگلس ایم ہاف کو جلد ہی بھارت کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔