سپریم کورٹ نے قومی اہلیت اور داخلہ امتحان (نیٹ) میں معاشی طور پر کمزور طبقات کو ریزرویشن دینے کے لیے سپریم کورٹ کی اجازت کو لازمی بتانے والے مدراس ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا ہے جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں بنچ نے کہا کہ مدراس ہائی کورٹ کا فیصلہ غیر ضروری ہے۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ مدراس ہائی کورٹ توہین عدالت معاملے کی سماعت کر رہی ہے جس میں نیٹ کے آل انڈیا کوٹے میں دیگر پسماندہ طبقات کے لئے ریزر ویشن نافذ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران مرکزی حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ سماعت کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے اے ایس جی کے ایم نٹراج نے کہا کہ ہائی کورٹ کو ایسا تبصرہ نہیں کرنا چاہئے تھا وہ بھی اس وقت جب وہ توہین عدالت کیس کی سماعت کر رہی ہو۔
سماعت کے دوران ڈی ایم کے کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے کہا کہ معاملہ بہت پیچیدہ ہے۔ NEETمیں اقتصادی طور پر کمزور طبقات اور دیگر پسماندہ طبقات کے لیے ریزرویشن حاصل کرنے کی تمام درخواستوں کے ساتھ مرکز کی درخواست پر سماعت ہونی چاہیے۔ سبل نے کہا کہ 103 ویں آئینی ترمیم کا پانچ رکنی آئینی بنچ جائزہ لے رہی ہے۔