وزیراعظم نریندرمودی نے ہفتہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں سیشن کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو جمہوریت کی ماں ہونے پر فخر حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کی ترقی، سب کو غذائی اجزا،سب سے رابطہ ہو یہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
مودی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اس ملک کی نمائندگی کر رہا ہوں جسے جمہوریت کی ماں ہونے کا امتیاز حاصل ہے۔ ہمارے یہاں ہزاروں سال پر محیط جمہوریت کی ایک عظیم روایت ہے۔ اس 15اگست کو بھارت اپنی آزادی کے75ویں سال میں داخل ہوگیا ہے۔
اسی سلسلے میں انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا تنوع ہماری مضبوط جمہوریت کی پہچان ہے۔ ایک ایسا ملک جودرجنوں زبانیں، سیکڑوں بولیاں، مختلف طرز زندگی اور کھانوں پر مشتمل ہے، یہ متحرک جمہوریت کی ایک مثال ہے۔
اپنے خطاب کے آغاز میں انہوں نے کورونا وبا میں جانیں گنوانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے پوری دنیا 100 سالوں میں سب سے بڑی وبا کا سامنا کر رہی ہے۔ میں ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس خوفناک وبائی مرض میں اپنی جانیں گنوائیں اوران کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔