نئی دہلی، 30 ستمبر (انڈیا نیرٹیو)
پنجاب کی سیاسی ہلچل کی گرمی دہلی تک پہنچ گئی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے جمعرات کو قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈوبھال سے ملاقات کی۔
سنگھ نے ڈوبھال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہے۔ اس سے قبل بدھ کوکیپٹن نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ انہوں نے شاہ کے ساتھ کسانوں اور زرعی قانون کے معاملے پر بات چیت کی ہے۔ ان کے بیان کے بعد یہ سمجھا جاتا ہے کہ کیپٹن، جو کانگریس سے ناراض ہیں، اگر مرکزی حکومت زرعی قوانین کے حوالے سے اپنے موقف میں تبدیلی کا اشارہ دیتی ہے تو وہ اپنے مزید سیاسی ایکشن پلان کے بارے میں اپنے کارڈ کھول دیں گے۔
ذرائع سے پتہ چلتا ہے کہ کیپٹن امریندر نے شاہ سے ملاقات کے دوران قومی سلامتی کے مسئلے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ آج شاہ سے ملنے کے بعد، این ایس اے ڈوبھال کے ساتھ ملاقات کو قومی سلامتی کے معاملے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم، فی الحال ڈوبھال کے ساتھ کیپٹن کی ملاقات کے بارے میں کوئی سرکاری معلومات موصول نہیں ہوئی ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے پنجاب اور پاکستان بارڈر کے مسئلے پر بات چیت کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کیپٹن امریندر گزشتہ تین دنوں سے دہلی میں خیمہ زن ہیں۔ ان کی بیوی اورکانگریس رکن پارلیمنٹ پرینیت کور بھی گزشتہ چھ دنوں سے دہلی میں قیام کر رہی ہیں اور سیاسی مزاج کا جائزہ لے رہی ہیں۔