مسقط، 04 اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)
عمان اور ایران میں طوفان شاہین کی وجہ سے نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ طوفان کی وجہ سے تیز بارش ہو رہی ہے۔ اس کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ ساحلی علاقے میں رہنے والے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ علاقہ خالی کریں۔پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ عمان میں دو روزہ قومی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
عمان میں مٹی کے تودے گرنے سے دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ ایک بچہ سیلاب کی وجہ سے ہلاک ہوا ہے۔ عمان کی قومی کمیٹی برائے ایمرجنسی مینجمنٹ نے بتایا کہ مسقط کے روسیل صنعتی علاقے میں مٹی کا تودہ گرنے کے بعد دو ایشیائی کارکنوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔عمان کے شمالی ساحل سے ہوا کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کی وجہ سے پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔
خبر رساں ایجنسی آئی سی اے این نے ڈپٹی اسپیکر کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان کی چابہار بندرگاہ میں چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں بھی ہائی الرٹ ہے۔ احتیاط کے طور پر مسقط بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے اور جانے والی پروازیں معطل کردی گئیں۔ لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں اور وادیوں سے گریز کریں۔