Urdu News

افغانستان میں طالبان قیادت سے برطانوی وزیراعظم کے خصوصی ایلچی کی ملاقات

افغانستان میں طالبان قیادت سے برطانوی وزیراعظم کے خصوصی ایلچی کی ملاقات

کابل،06اکتوبر(انڈیا نیرٹیو)

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان نے طالبان قیادت سے ملاقات کی ہے اور ان سے انسانی بحران اور ملک کو جنگجووں کی تربیت گاہ بننے سے روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔برطانوی دفترخارجہ کے ایک بیان کے مطابق بورس جانسن کے اعلیٰ نمایندہ برائے افغانستان سائمن گاس نے کابل میں طالبان کے لیڈروں امیرخان متقی، ملّاعبدالغنی برادر اور عبدالسلام حنفی سے ملاقات کی ہے۔

بیان کے مطابق انھوں نے افغانستان میں جاری انسانی بحران سے نمٹنے میں برطانیہ کی جانب سے ممکنہ امداد،ملک کو دہشت گردی کی تربیت گاہ بننے سے روکنے کے طریقوں اور بیرون ملک جانے کے خواہاں افراد کو محفوظ راستہ دینے کا سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔انہوں نے اقلیتوں کے ساتھ سلوک اور خواتین اور لڑکیوں کے حقوق سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی ہے۔ سائمن گاس کے ساتھ اس ملاقات میں دوحہ میں افغانستان میں برطانوی مشن کے ناظم الامور بھی موجود تھے۔

Recommended