ریاض،08اکتوبر(انڈیا نیرٹیو)
سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحادی فورسز کے ائیر ڈیفنس یونٹس نے جمعرات کی شب خمیس مشیط پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے کو ناکام بنا دیا۔ایران نواز حوثی باغیوں نے گزشتہ روز بھی ابھا شہر کے ایئر پورٹ پر بھی ڈرون حملہ کیا تھا۔عرب اتحادی فورسز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے مسلسل عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے خمیس مشیط پرداغے جانے والے بیلسٹک میزائل کو ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی تباہ کر دیا گیا۔
حوثی ملیشیا نے ستمبر میں بھی اس ہوائی اڈے کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا تھا۔اس میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے تھے اورایک مسافر طیارے کو نقصان پہنچا تھا۔درایں اثنا سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے نے یمن سے حوثی ملیشیا کے نئے حملے کی مذمت کی ہے۔ حوثیوں نے نئے ڈرون حملے میں مملکت میں ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔الریاض میں امریکی سفارت خانہ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ”حوثیوں نے ابھا کے ہوائی اڈے کو دوبارہ نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔اس حملے کے نتیجے میں چار بے گناہ شہری زخمی ہوئے ہیں۔“
سفارت خانہ نے ٹویٹرپوسٹ میں کہا ہے کہ ”ہم حوثیوں کی جانب سے شہریوں کے خلاف اس طرح کے مکروہ حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔“اس نے اس امید کا اظہارکیا ہے کہ اس ناکام ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے افراد جلد صحت یاب ہوں گے۔ سفارت خانے نے ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں پر زور دیا ہے کہ وہ تشدد کے بجائے امن پر توجہ دیں اوراقوام متحدہ کے ساتھ مل کر بحران کے سفارتی حل کے لیے کام کریں۔