سیاحتی مقام گلمرگ اور سون مرگ کے ساتھ ساتھ بیشتر پہاڑ ی علاقوں میں رواں سیزن کی پہلی برف باری جب کہ میدانی علاقوں میں تیز بارشیں ہوئیں۔برف باری کے بعد گریز باندی پورہ روڈ پر ٹریفک بند کیا گیا۔ موسم میں تبدیلی کے پیش نظر درجہ حرارت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔ وادی کشمیر میں 12 اکتوبر تک بالائی علاقوں میں ہلکے درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
نمائندے کے مطابق اتوار کی شام موسم نے کروٹ لی اور محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کے شمال و جنوب میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ ہوا جب کہ بالائی علاقوں خاص طور پر مشہور سیاحتی مرکز گلمرگ اور دیگر کئی مقامات پر تازہ برفباری ہونے کے علاوہ وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی۔ رات بھر وقفے وقفے سے بارشوں کاسلسلہ جاری رہا اور صبح گیار ہ بجے تک وادی کے شمال و جنوب میں واقع اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد موسم ابر آ لود رہا اور ٹھنڈ ی ہوائیں چلتی رہیں۔ادھر شوپیان،کپواڑہ اور دیگر کئی اضلاع کے میدانی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔کپوارہ،بارہمولہ،بڈگام،گاندربل،پلوامہ،اننت ناگ،شوپیان اور کولگام سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان تمام اضلاع کے میدانی علاقوں میں بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔اس دوران سون مرگ،لداخ کے بیشتر علاقوں، پہلگام،مڑ ھل، ٹیٹوال، گریز،زوجیلااور اوڑی کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کی اطلاعات ملی ہیں۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں ہلکی برف باری ہوئی۔گلمرگ میں پہاڑوں پرہوئی پہلی برفباری پرلوگوں میں خوشی کی لہردوڑ گئی۔ خاص طور پر سیاحت سے جڑے لوگوں نے مسرت کا اظہارکیا۔ ادھر برف باری کے بعد گریز بانڈ ی پورہ روڈ کو بند کیا گیا۔سونہ مرگ میں بھی برف باری ہوئی۔ برف باری کی وجہ سے سونہ مرگ میں موجود سیاحوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں 12 اکتوبر تک بالائی علاقوں میں ہلکے درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وادی میں 12 اکتوبر کو بھی موسم خراب رہے گا۔مختلف مقامات پر بارش ہوگی۔جب کہ 13 اکتوبر سے موسم بہتر ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وادی میں خراب موسم کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔