Urdu News

ڈرگس پارٹی :آریان خان سمیت تین ملزمان کی ضمانت پر فیصلہ 20اکتوبر تک

ڈرگس پارٹی :آریان خان سمیت تین ملزمان کی ضمانت پر فیصلہ 20اکتوبر تک

کارڈیلیا دی امپریس کروز شپ پر ڈرگس پارٹی معاملے میں فلمی اداکار شاہ رخ خان کا بیٹا آرین خان اور دو دیگر ملزمان کو ابھی کم از کم ایک ہفتہ مزید جیل میں گزارنے ہوں گے۔ ممبئی کی خصوصی این ڈی پی ایس عدالت نے جمعرات کو آرین خان، ارباز مرچنٹ ا ور منمون دھامیچا کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت مکمل کی اور فیصلہ 20 اکتوبر تک محفوظ کر لیا۔

خصوصی عدالت کے جج وی وی پاٹل کے سامنے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے پیش ہونے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل انل سنگھ نے عرض کیا کہ آرین خان پچھلے کچھ سالوں سے منشیات استعمال کر رہا تھا۔ آرین خان کے  پاس سے منشیات نہیں ملی تاہم وہ بین الاقوامی منشیات اسمگلروں سے رابطے میں ہے۔ اگر آرین خان اور دیگر ملزمان کو ضمانت مل جاتی ہے تو تفتیش متاثر ہو سکتی ہے۔

آرین خان کے وکیل امیت دیسائی نے عدالت میں کہا کہ کیس میں آرین خان سے منشیات برآمد نہیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ   آرین خان کے بین الاقوامی منشیات اسمگلروں سے روابط  کی بات کسی بھی حالت میں درست نہیں ہے۔ این سی بی یہ  دعویٰ موبائل چیٹ کی بنیاد پر کر رہا ہے جبکہ این سی بی نے قانونی طور پر ملزم کا موبائل برآمد نہیں کیا ہے۔ ایسے معاملات میں پہلے بھی ملک کی عدالتیں ضمانت دے چکی ہیں، اس لیے آرین خان کو کم از کم لیبرٹی کی بنیاد پر ضمانت دی جانی چاہیے۔ دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد جج وی وی پاٹل نے کہا کہ وہ معاملے پر غور کرنے کے بعد 20 اکتوبر کو فیصلہ سنائیں گے۔ عدالت میں 15 سے 19 اکتوبر تک چھٹی ہے۔

ایک دن پہلے یعنی بدھ کو بھی آرین خان اور دو دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت خصوصی عدالت میں ہوئی۔ تقریبا  ساڑھے تین گھنٹے کے دلائل کے بعد عدالت نے سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔ بدھ کو سماعت شروع ہونے سے پہلے این سی بی نے عدالت میں اپنا جواب داخل کروایا تھا۔ اس میں آرین خان کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آرین ایک بااثر شخص ہے اور اگر اسے ضمانت مل جاتی ہے تو وہ ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر سکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 2 اکتوبر کو ممبئی سے گوا جانے والے کروز جہاز پر چھاپہ مارنے کے بعد این سی بی نے 3 اکتوبر کو آرین خان سمیت 8 ملزمان کو تفتیش کے بعد گرفتار کیا۔ یہ تمام ملزمان اس وقت 14 دن کی عدالتی تحویل میں ہیں۔ 8 اکتوبر کو ممبئی کے ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ نے ان آٹھ ملزمان کی درخواست ضمانت سننے سے انکار کر دیا اور انہیں خصوصی عدالت میں درخواست دینے کو کہا۔ ڈرگس پارٹی کیس میں اب تک دو نائیجیرین شہریوں سمیت 20 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

Recommended