Urdu News

بنگلہ دیش: درگا پوجا پنڈال کے بعد اب اسکان مندر پر حملہ

بنگلہ دیش: درگا پوجا پنڈال کے بعد اب اسکان مندر پر حملہ

بنگلہ دیش میں مندروں اور درگا پوجا پنڈالوں پر حملوں کے بارے میں حملہ آوروں کو وزیر اعظم شیخ حسینہ کی وارننگ کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ اب ضلع نواکھالی کے اسکان مندر میں توڑ پھوڑ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ سماج دشمن عناصر نے اسکان مندر کے انتظام سے وابستہ پارتھا داس کو قتل کردیا۔ اسکان نے ایک بیان میں کہا کہ پارتھاکی لاش ہفتہ کی صبح مندر کے قریب ایک تالاب سے ملی۔

اسکان کے محکمہ مواصلات کے ڈائریکٹر وی راجندر نندن داس نے کہا کہ حملہ آوروں کا تعلق اکثریتی برادری (مسلمانوں) سے تھا۔ اس دوران تین عقیدت مندوں کی موت ہوگئی۔ حکومت بنگلہ دیش کو مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت کارروائی کرنی چاہیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 سالہ پارتھا داس جمعہ سے لاپتہ تھا اور اس کی لاش ہفتہ کی صبح مندر کے قریب تالاب سے ملی تھی۔ اسے بری طرح مارا پیٹا گیاتھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ حملہ جمعہ کی شام کو ہوا۔ اس حملے میں اسکان مندر کو بہت نقصان پہنچا ہے۔

ایک دن پہلے، وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو سخت انتباہ دیا تھا۔ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ مندروں اور درگا پوجا پنڈال پر حملہ کرنے والوں کو نہیں بخشا جائے گا۔ وہ جس بھی ذات یا مذہب سے تعلق رکھتے ہوں، انہیں سخت سزا دی جائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ بدھ کو چاند پور ڈویڑن اور دیگر علاقوں میں مندروں اور درگا پوجا پنڈالوں پر حملے کے بعد بنگلہ دیش حکومت نے مختلف مندروں کی سکیورٹی سخت کر دی۔ وزیر اعظم شیخ حسینہ کی ہدایات پر 22 اضلاع کے بڑے ہندو یاتری مقامات پر نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔

Recommended