شیکھر دھون ٹیم انڈیا میں ’گبر‘ کے نام سے مشہور ہیں۔اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ فلم شولے کے مشہور کردار گبر کے علاوہ دیگر کئی لوگوں کی کافی اچھی ممکری کرتے ہیں۔ ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کو ہلی بھی اس معاملے میں کم نہیں ہیں۔ کوہلی نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ شیکھر دھون کے بیٹنگ اسٹائل کی نقل کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے وراٹ نے دھون کو ٹیگ بھی کیا ہے۔
واضح ہو کہ ٹیم انڈیا نے ٹی۔ 20 ورلڈ کپ کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ٹی۔20 ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی قیادت میں کھیلا جا رہا ہے۔ دراصل کوہلی نے حال ہی میں اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ شیکھر دھون کے بلے بازی کے اندازکو کاپی کرتے نظر آرہے ہیں۔ وراٹ کا دھون کی نقل کرتے ہوئے یہ ویڈیو بہت وائرل ہو رہی ہے۔ وراٹ کا بطور کپتان یہ آخری آئی سی سی ٹی۔ 20 ورلڈ کپ ٹورنامنٹ ہوگا۔ وراٹ ٹی۔ 20 ورلڈ کپ سے پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اس ٹورنامنٹ کے بعد ٹی۔ 20 فارمیٹ کی کپتانی سے سبکدوش ہو جائیں گے۔
شیکھر دھون کے بارے میں بات کریں تو انہوں نے آئی پی ایل 2021 میں دہلی کیپیٹلس کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن فی الحال وہ ٹی۔ 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم انڈیا کا حصہ نہیں ہیں۔
وراٹ کوہلی نے ان کی نقل کرتے ہوئے جو ویڈیو شیئر کی ہے اس میں کہا”میں آج شیکھر کے بیٹنگ اسٹائل کی نقل کروں گا، کیونکہ وہ اپنے آپ میں کہیں کھو جاتا ہے،یہ دیکھنا بہت مزیدارہوتا ہے۔ اس کے بعد کوہلی دھون کی بیٹنگ کی نقل کرنے لگے۔ بھارتی کپتان نے شیکھر دھون کے بیٹنگ اسٹائل کو جس انداز میں نقل کیا ہے اس کو شائقین بہت پسند کر رہے ہیں“۔وراٹ کوہلی اپنے ساتھی کرکٹروں کے بیٹنگ اور باولنگ اسٹائل کے علاوہ ان کی آواز کی بھی اچھی نقل کرلیتے ہیں۔