آرمی چیف نے ایل او سی پر پونچھ اور راجوری کے پیشگی علاقوں کا دورہ کیا
چھپے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جلد مکمل کرنے کے لیے پیرا کمانڈوز بھیجے گئے
وادی کشمیر میں 11 غیر صوبائی شہریوں کی ہلاکتوں اور انسداد دہشت گردانہ کارروائیوں میں فوج کے نو جوانوں کی شہادت کے بعد ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل منوج مکند نرونے دو روزہ دورے پر جموں پہنچے ہیں۔ منگل کے روز انہوں نے کنٹرول لائن کے ساتھ پونچھ اور راجوری کے پیشگی علاقوں کا دورہ کیا اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فوج کے کمانڈروں سے کہا کہ وہ مختصر اطلاع پر آپریشن کے لیے تیار رہیں۔ جنگلات میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کو جلدمکمل کرنے کے لیے اضافی پیرا کمانڈوز اور فوج کے جوانوں کو بھیجاگیا ہے۔
آرمی چیف جنرل ایم ایم نرونے نے خود لائن آف کنٹرول کے پیشگی علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال کا براہ راست جائزہ لیا۔یہاں سیکورٹی فورسز ایک ہفتے سے دہشت گردوں کے ایک گروہ کوٹریک کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، جس میں اب تک نو فوجی شہید ہو چکے ہیں۔ آرمی چیف کو کمانڈروں نے موجودہ صورتحال اور دراندازی کے خلاف جاری آپریشنزکے سلسلے میں معلومات فراہم کی۔ وائٹ نائٹ کور کے جنرل کمانڈنگ آفیسر نے جنرل نرونے کو سیکورٹی کی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں اپڈیٹ کیا۔ انہوں نے پیشگی علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد زمین پر موجود فوجیوں اور کمانڈروں سے بات چیت بھی کی۔
سیکورٹی جائزے کے ایک حصے کے طور پر جنرل نرونے نے راجوری-پونچھ سڑک پر بھمبر گلی کا بھی دورہ کیا۔ وہاں 14 اکتوبر کو دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں چار فوجی شہید ہوگئے تھے۔ دونوں فریقوں کے درمیان پہلا تصادم 11 اکتوبر کو ضلع پونچھ کے علاقے دہرہ کی گلی میں ہواتھا، جس میں ایک جے سی او سمیت پانچ فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔ یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ دہشت گردوں کا ایک ہی گروہ ان دونوں واقعات میں ملوث تھا یا دونوں مختلف گروہ تھے۔ فی الحال جموں و کشمیر کو مرکزی علاقے کا درجہ ملنے کے بعد سے یہ سب سے بڑا آپریشن چلایا جا رہا ہے۔ پولیس اور فوج نے مشترکہ طور پر علاقے کومحاصرے میں لے لیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ دہشت گرد فرار نہ ہوں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پرپیشگی علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد جنرل نرونے دہشت گردوں پر کارروائی کرنے کے سلسلے میں کوئی بڑاایکشن لینے کی ہدایت دے سکتے ہیں۔ وہ وادی کشمیر میں غیر صوبائی لوگوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے افسران سے بھی بات کریں گے۔ دورے کے پہلے دن انہوں نے فوجی افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔یہاں ان کے ساتھ وائٹ نائٹ کور کے جی او سی، شمالی کمان کے جی او سی اور دیگر افسران بھی موجودتھے۔ اس کے بعد وہ نگروٹا ملٹری ہیڈ کوارٹر پہنچے۔ نرونے نے فوج کے افسران سے کہا ہے کہ پونچھ میں محصور دہشت گرد کسی بھی قیمت پرفرار نہیں ہونے چاہیے۔ اسی لیے اضافی پیرا کمانڈوز اور فوج کے جوان پونچھ بھیجے گئے ہیں۔
فوج نے دوبڑے دھماکے کرکے پونچھ ضلع میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو اڑا دیا
بھاٹادھوڑیاں گاوں کے باشندوں سے جنگل کی طرف نہ جانے کی اپیل
ضلع پونچھ کے بھاٹادھوڑیاں کے جنگلات میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کو تیز کرتے ہوئے فوج نے دو بڑے دھماکے کرکے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو اڑا دیا۔ فوج نے گاؤں کے باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگل کے علاقے میں نہ جائیں اور اپنے مویشیوں کو اپنے گھروں میں محفوظ رکھیں۔ ذرائع کے مطابق دھماکے آئی ای ڈی نصب کر کے کیے گئے۔
ایس ڈی پی او زیڈ اے جعفری نے بتایا کہ علاقے میں دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے جاری آپریشن کے درمیان لوگوں کومویشیوں کے ساتھ جنگل کی طرف جاتے دیکھا گیا، جس کے بعد ان سے کہا گیا کہ وہ جنگل کے علاقے میں نہ جائیں اور اپنے جانوروں کو اپنے گھروں میں محفوظ رکھیں۔دیہی باشندوں کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وہ کسی بھی وقت کسی بھی ضرورت کے لیے پولیس سے رابطہ کر سکتے ہیں اور ہم کسی بھی چیز کی ہوم ڈلیوری کو یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے ان خبروں کی مکمل تردید کی ہے کہ فوج جنگل کے علاقے میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف بڑے حملے کی تیاری کر رہی ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے سے جنگل کے علاقے بھاٹادھوڑیا میں گولہ باری میں دو جے سی او سمیت کم سے کم نو فوجی شہید ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل ایم ایم نرونے نے دیگر افسران کے ہمراہ آج علاقے کا دورہ کیا۔