نئی دہلی، 21 اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)
بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل میں اضافے کا اثر ملکی مارکیٹ میں ایک بار پھر نظر آرہا ہے۔ پبلک سیکٹرکی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے مسلسل دوسرے دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کیا ہے۔ اس اضافے کے ساتھ، دارالحکومت دہلی میں جمعرات کو پٹرول 106.54 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا، جبکہ ڈیزل بھی 95.27 روپے فی لیٹر مل رہا ہے۔
انڈین آئل کی ویب سائٹ کے مطابق ممبئی، چنئی اور کولکاتہ میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد بالترتیب 112.44 روپے، 103.61 روپے اور 107.11 روپے فی لیٹرہوگیاہے۔وہیں، ڈیزل بھی بالترتیب103.26 روپے، 99.59 روپے اور98.38 روپے فی لیٹرمل رہاہے۔پچھلے 18 دنوں میں پٹرول 5.35 روپے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے، جبکہ ڈیزل بھی گزشتہ 21 دنوں میں 6.65 روپے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں پٹرول کی قیمت پہلے ہی 100 روپے فی لیٹر سے اوپر ہے۔ ڈیزل کی قیمتیں ایک درجن سے زائد ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں بشمول مدھیہ پردیش، راجستھان، اوڈیشہ، آندھرا پردیش، تلنگانہ، گجرات، مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، بہار، کیرالہ، کرناٹک، جھارکھنڈ، گوا اور لداخ میں بھی اس سطح کو عبور کرچکی ہیں۔