بھوپال، 25 اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)
مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں ویب سیریز آشرم-3 کی شوٹنگ کے دوران اتوار رات بجرنگ دل کے کارکنان اور فلم ساز پرکاش جھا کے درمیان تنازعہ دیکھا گیا۔ ناراض بجرنگ دل کارکنان نے ان پر سیاہی پھینک کر اپنا غصہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آشرم-3 نام سے بننے والی ویب سیریز براہ راست ہندو سماج کی عقیدت پر حملہ ہے۔
بجرنگ دل کو اس سیریز آشرم کے نام پر اعتراض ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ ہمارے سنت آشرم میں رہائش کرتے ہیں، ان کی ترغیب سے سماج چلتا ہے۔ اس ویب سیریز میں دکھایا جارہا ہے کہ آشرم غلط کام، عیاشی کا اڈہ ہے، یہاں خواتین عقیدت مندوں کا استحصال ہوتا ہے۔ یہ پوری طرح سے جھوٹ ہے اور یہ سب صرف ہندو سماج کے جذبات کو مجروح کرنے کے لیے کیا جارہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شوٹنگ پرانے جیل (اریرا ہلس) میں چل رہی تھی۔ کارکنان نے جیل کیمپس کے اندر ہی ویب سیریز کی ٹیم کے ملازمین کو دوڑایا اور غصے میں وینیٹی وین سمیت کچھ گاڑیوں کے شیشے توڑ دئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور تمام بجرنگ دل کے کارکنان کو وہاں سے کھدیڑا گیا۔
اس پورے معاملے کو لیکر اب تک فلم ساز اور ہدایت کار پرکاش جھا نے پولیس میں شکایت کرنے سے منع کر دیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں میڈیا سے اب تک کوئی بات چیت نہیں کی ہے اور نہ ہی اپنا کوئی موقف رکھا ہے۔ واقعہ کے دوران ویب سیریز کے ایکٹر بابی دیول بھی موجود تھے۔