Urdu News

ممبئی این ڈی پی ایس عدالت نے کیوں خارج کی سمیر وانکھیڑے کی عرضی؟ سمیر وانکھیڑے کی مشکلیں بڑھیں

ممبئی این ڈی پی ایس عدالت نے کیوں خارج کی سمیر وانکھیڑے کی عرضی؟ سمیر وانکھیڑے کی مشکلیں بڑھیں

نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے افسر سمیر وانکھیڑے کی مشکلیں بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ ممبئی کی خصوصی این ڈٰ پی ایس عدالت نے پیر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کی کروز ڈرگس پارٹی کے گواہ کے حلف نامہ پر غور نہ کرنے کی عرضی کو خارج کردیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے، اس لئے وہ اس عرضی پر سماعت نہیں کرسکتے ہیں۔یکے بعد دیگرے ان کے اوپر لگ رہے الزامات کے بعد اب ان کے خلاف انٹرنل انکوائری یعنی داخلی جانچ کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ جاتی جانچ کا یہ حکم نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ڈی جی نے جاری کیا ہے۔ اس کے لیے این سی بی کی تین رکنی ٹیم بنائی گئی ہے، جس میں این سی بی کے ڈی ڈی جی گیانیشور سنگھ اور 2 انسپکٹر سطح کے افسر شامل ہیں۔این سی بی کی تین رکنی ٹیم پربھاکر شیل کے ذریعہ لگائے گئے سبھی الزامات کی جانچ کرے گی، جو ممبئی کے ڈرگس آن کروز معاملے میں گواہ ہے۔ اتوار کو پربھاکر شیل، جو کہ کروز ڈرگس کیس میں آزاد گواہ ہے، اس نے الزام عائد کیا کہ این سی بی کے کچھ افسر اور کچھ دیگر لوگ مل کر آرین خان کو چھوڑنے کے لیے شاہ رخ خان سے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ پربھاکر نے یہ بھی کہا کہ این سی بی نے اس سے 10-9 سادے کاغذ پر دستخط کرائے تھے۔

دراصل پربھاکر شیل کے پی گوساوی کا پرسنل باڈی گارڈ ہے، جو اس کیس میں آزاد گواہ بھی ہے اور اس وقت غائب ہے۔ پربھاکر چھاپہ ماری والے دن گوساوی کے ساتھ ہی تھا۔ پربھاکر نے الزام عائد کیا ہے کہ این سی بی، گوساوی اور سیم ڈیسوزا نام کے شخص نے شاہ رخ کے بیٹے کو چھوڑنے کے نام پر 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ پربھاکر نے کہا تھا کہ اس نے گوساوی کو ڈیسوزا سے فون پر بات کرتے سنا تھا۔ اس میں گوساوی نے 25 کروڑ روپے کے معاہدے کے بارے میں ڈیسوزا سے بات کی تھی۔ پھر بات 18 کروڑ میں بن گئی تھی۔ اس میں سے 8 کروڑ سمیر وانکھیڈے کو دیئے جانے تھے، جو کہ اس ڈرگس چھاپہ ماری کے چیف تھے۔

وصولی کے الزامات میں پھنسے سمیر وانکھیڈے کی مشکلیں اس وقت مزید بڑھ گئیں جب پیر کو نواب ملک نے الزام لگایا کہ آئی آر ایس افسر بننے کے لیے سمیر وانکھیڈے نے فرضی کاغذات کا استعمال کیا، جس کے لیے مبینہ طور پر فرضی کاسٹ سرٹیفکیٹ بھی بنوایا تھا۔ ملک نے ایک برتھ سرٹیفکیٹ اور شادی کی تصویر شیئر کی جسے مبینہ طور پر سمیر کا بتایا گیا۔ اس میں مذہب کی جگہ پر ’مسلم‘ لکھا ہے۔ نواب ملک نے سمیر پر فرضی کاسٹ سرٹیفکیٹ بنوا کر ملازمت لینے کا الزام لگایا ہے۔

Recommended