اردو سفر کوکن کے زیر اہتمام' تماشا' کی رسم پزیرائی
15 اکتوبر2021، بھارتی وقت کے مطابق شام6بجے، اردو سفر کوکن(مسقط) کے زیر اہتمام' تماشا' کی رسم پزیرائی منعقد ہوئی۔ جواں سال شاعر حبیب ندیم کی زیر ادارت میں پابندی سے شائع ہونے والا پندرہ روزہ ادبی اخبار اردو سفر کوکن کی جانب سے سلسلہ وار ادبی پروگرام میں ڈاکٹر قاسم خورشید (پٹنہ) کی ۹ ڈراموں پر مشتمل تازہ تصنیف تماشا کی رسم پزیرائی آ ن لائین منعقد کی گئی۔ اس پروگرام کی صدارت گورکھ پور یو نیورسیٹی میں شعبہ اردو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضی الرحمان صاحب نے فرمائی اور گورمنٹ گریجویٹ کالج بھکر، پنجاب پاکستان میں شعبہ اردو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اشرف کمال نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کیا، جبکہ نظامت کی ذمیداری دنیائے ادب کی جانی پہچانی شخصیت ڈاکٹر افروز عالم نے بحسن خوبی انجام دیا، تکنیکی معاملات راقم الحروف نازنین علی ناز(کویت) نے سنبھالا جبکہ محترم حبیب ندیم نے انتظامی معاملات میں پیش پیش رہے۔
اس پروگرام میں ڈاکٹر فاطمہ خاتون(کولکاتا)، ڈاکٹر شیخ الماس حسین (کلکتہ یونیورسیٹی)، ڈاکٹر احسان حسن (بنارس یونیورسیٹی)، ڈاکٹر مزمل سرکھوت (بمبئی یونیورسیٹی)، پروفیسر سلیم محی الدین (سری شیواجی مہاراج کالج، پربھنی) نے اپنے مقالہ سے اہم اقتباس پیش کی جس کے تنقیدی پہلوں کے جواب میں صاحب کتاب ڈاکٹر قاسم خورشید (پٹنہ) نے نہایت ہی عالمانہ گفتگو کی۔
قریب قریب تین گھنٹے تک چلنے والے اس آن لائین پروگرام کی ابتدا میں تقریب کے ناظم ڈاکٹر افروز عالمؔ نے اردو سفر کوکن(اخبار) کے بارے میں، پھر اس پروگرام کے اغراض و مقاصد، پھر ڈاکٹر قاسم خورشید کی ادبی و علمی کاویشوں اور بہار میں اپٹا اور ڈرامہ کی سمت و رفتار پر اپنے مختصر خطاب سے اس پروگرام کی شروعات کیا۔ اس کے بعد صاحب کتاب کو اپنی ابتدائی گفتگو کے لئے دعوت سخن دیا۔ آپ نے اپنے ابتدائی کلمات میں سبھی شرکااور منتظمین کاشکریہ ادا کرتے ہوئے اس پروگرام کے انعقاد پرخوشی کا اظہار کیا، جبکہ مہمان خصوصی کی گفتگو سے پہلے اپنے جوابی خطاب میں موصوف نے کہا کہ شر کا کے خوبصورت اور مدلل مقالے پر میں کئی بار مسرت آمیز نمناک ہوا، یہ پروگرام میرے امید سے بہت ہی آگے کا ہے اور مقالہ نگاروں کی بحث اور گفتگو سے میری ساری محنت کا ثمر حاصل ہوتا نظر آرہا ہے۔ اس رپورٹ کے قارئین سے گزارش ہے کہ ڈاکٹر قاسم صاحب،ڈاکٹر افروز عالم اور اردو سفر کے فیس بک پیچ پر رکاڈڈ پروگرام ملاحظہ فرمائیں۔
(رپورٹ:۔ نازنین علی، کویت)