نئی دہلی، 28 اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)
ملک میں کورونا کے نئے کیسز میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ جمعرات کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کل 16 ہزار 156 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 95 ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ملک بھر میں کورونا سے 733 مریضوں کی موت ہو گئی۔
کیرالہ کورونا کے معاملات میں پورے ملک میں سب سے زیادہ تشویش کا سبب بنا ہوا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 ہزار 445 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس دوران اس ریاست میں 622 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ ان میں سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 93 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ بقیہ اموات پچھلے سال کی ہیں، جو ضروری دستاویزات کی کمی کی وجہ سے پہلے درج نہیں کی جا سکیں۔
مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں انفیکشن کی شرح بڑھ کر 1.25 فیصد ہو گئی ہے۔ پچھلے 24 دنوں سے روزانہ انفیکشن کی شرح دو فیصد سے نیچے ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ اب تک ملک میں کورونا کے کل تین کروڑ، 42 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ فعال مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 989 ہے۔
راحت کی خبر ہے کہ اب تک تین کروڑ 36 لاکھ 14 ہزار 434 مریض کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ملک میں صحت یابی کی شرح 98.20 فیصد ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 12 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ آئی سی ایم آر کے مطابق ملک میں اب تک کل 60 کروڑ، 44 لاکھ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں اب تک 104 کروڑ، 04 لاکھ اینٹی کورونا ویکسین دی جا چکی ہیں۔
ملک میں 104.04 کروڑ سے زیادہ ٹیکے لگائے گئے
ملک کورونا کے خلاف جنگ میں موثر ویکسی نیشن مہم میں اب تک 104 کروڑ 04 لاکھ ویکسین کا ہندسہ عبور کرچکا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 57 لاکھ سے زیادہ ویکسین لگائی گئیں۔
مرکزی وزارت صحت کے مطابق جمعرات کی صبح تک ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ویکسین کی 108 کروڑ خوراکیں مفت فراہم کی جا چکی ہیں۔ ریاستوں کے پاس اب بھی 11 کروڑ، 81 لاکھ ویکسین کی خوراک موجود ہے۔