ممبئی، 28 اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)
نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کی اہلیہ کرانتی ریڈکر نے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو ایک خط لکھا ہے، جس میں ان سے ان پر ذاتی حملہ روکنے کی درخواست کی گئی ہے۔ کرانتی ریڈکر نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے سکریٹری ملند نارویکر سے فون پر بات کر کے وزیراعلیٰ سے دو منٹ کا وقت مانگا ہے لیکن ابھی تک وقت نہیں ملا ہے۔
کرانتی ریڈکر نے جمعرات کو صحافیوں کو بتایا کہ سمیر وانکھیڑے اور ان کے خاندان پر سوشل میڈیا کے ذریعے مسلسل حملے ہو رہے ہیں۔ یہ پورے خاندان کے لئے پریشان کن ہے۔ ان کے سسر دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ کرانتی ریڈکر نے بتایا کہ اس معاملے میں وہ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے ملنے جا رہی ہیں اور انہیں اپنی اور کنبہ کی پریشانیوں کے بارے میں بتائیں گی۔ اس وجہ سے انہوں نے آج ملند نارویکر سے بات کی ہے۔ کرانتی ریڈکر نے کہا کہ وہ مدد کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر کریٹ سومیا اور آر پی آئی لیڈر رام داس اٹھاولے سے بھی ملنے والی ہیں۔
شیوسینا کی ترجمان منیشا کایندے نے کہا کہ وہ کرانتی ریڈکر کا احترام کرتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے تمام معاملات پر سنجیدہ ہیں لیکن کرانتی ریڈکر اور ان کے شوہر کا معاملہ زیر سماعت ہے۔ جب کارروائی ہوتی ہے تو پورا خاندان اس سے متاثر ہوتا ہے، یہ وہ اچھی طرح جانتی ہیں۔ اس لیے شیو سینا اس موقع پر سمیر وانکھیڑے اور ان کی بیوی کرانتی ریڈکر کے ساتھ ہے۔