Urdu News

ہندوستان آج کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج سے نمٹنے کے قابل: مودی

ہندوستان آج کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج سے نمٹنے کے قابل: مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل سے تحریک حاصل کرنے والا ہندوستان آج کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی صلاحیتیں اور عزم اب زمین، پانی، ہوا اور خلا سمیت ہر محاذ پر بے مثال ہیں۔

وزیر اعظم مودی نے قومی اتحاد کے دن پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج قوم اپنے قومی ہیرو سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے، جنہوں نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ’ایک بھارت،سریشٹھ بھارت‘کے لیے وقف کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سردار پٹیل نہ صرف تاریخ میں بلکہ ملک کے ہرشخص  کے دل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان صرف ایک جغرافیائی اکائی نہیں ہے بلکہ نظریات، تصورات، تہذیب اور ثقافت کے وسیع معیارات سے بھرپور ایک ملک ہے۔ زمین کے جس  حصہ پر ہم 130 کروڑ سے زیادہ ہندوستانی رہتے ہیں، ہماری روح، خوابوں اور امنگوں کا ایک اٹوٹ حصہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سردار پٹیل ہمیشہ چاہتے تھے کہ ہندوستان مضبوط، جامع، حساس ہونے کے ساتھ ساتھ الرٹ، شائستہ اور ترقی یافتہ ہو۔ انہوں نے ہمیشہ ملکی مفاد کو مقدم رکھا۔ آج ان کی حوصلہ افزائی سے ہندوستان ہر قسم کے بیرونی اور اندرونی چیلنجوں سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات سالوں میں ملک کو دہائیوں پرانے ناپسندیدہ قوانین سے نجات ملی ہے۔ قومی یکجہتی کو پروان چڑھانے والے نظریات کو نئی بلندیاں دی گئی ہیں۔ آج جموں و کشمیر، شمال مشرقی اور ہمالیہ کے دیہاتوں تک سبھی ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔

سردار پٹیل کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے لوگوں کے درمیان اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ صرف ایک متحد ملک ہی اپنے مقاصد کو حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا”اگر حکومت کے ساتھ معاشرے کی طاقت کو شامل کیا جائے تو بڑی سے بڑی عزائم کو بھی حاصل کرنا مشکل نہیں ہے۔ اس لیے آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم جب بھی کوئی کام کریں تو یہ ضرور سوچیں کہ اس کا ہمارے وسیع تر قومی مقاصد پر کیا اثر پڑے گا۔

Recommended