Urdu News

دہلی خواتین کمیشن نے وراٹ۔انوشکا کی بیٹی کو ملنے والی دھمکی کا سخت نوٹس لیا

دہلی خواتین کمیشن نے وراٹ۔انوشکا کی بیٹی کو ملنے والی دھمکی کا سخت نوٹس لیا

دہلی کمیشن برائے خواتین (ڈی سی ڈبلیو) نے انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی کی بیٹی وامیکا کو ملنے والی دھمکیوں کا سخت نوٹس لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈی سی ڈبلیو کی سربراہ سواتی مالیوال نے دہلی پولیس کمشنر راکیش استھانہ کو خط لکھ کر دھمکی دینے والے کے خلاف کارروائی کرنے کو کہا ہے۔

دراصل حالیہ ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست کے بعد کچھ لوگ وراٹ کوہلی پر تنقید کر رہے ہیں اور ان کی کپتانی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ اسی دوران وراٹ کے محمد شمی کی حمایت کرنے والے بیان نے آگ میں گھی کا کام کیا ہے۔ کچھ دن پہلے وراٹ نے محمد شمی کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'مذہب کے نام پر کسی پر حملہ کرنا کسی بھی انسان کی طرف سے کیا جانے والا بدترین فعل ہے'۔

اطلاعات کے مطابق کوہلی کے اس بیان کے بعد کچھ لوگوں نے وراٹ اور انوشکا شرما کی 10 ماہ کی بیٹی وامیکا کو اس پورے تنازع میں گھسیٹا اورانکی معصوم بیٹی کا استحصال کرنے کی دھمکی بھی دی۔ اگرچہ ان دھمکیوں کے حوالے سے وراٹ یا انوشکا کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے لیکن پاکستان کے سابق کرکٹر انضمام الحق نے اس معاملے میں وراٹ کوہلی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنا ہے کوہلی کی بیٹی کو اغوا کر لینے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ لوگوں کو سمجھنا چاہئے کہ یہ صرف ایک کھیل ہے۔ مختلف ممالک کھیلتے ہیں، چاہے وہ بھارت ہو یا پاکستان۔ اگر آپ کوہلی کی بیٹنگ یا ان کی کپتانی پسند نہیں کرتے تو آپ کو ان پر تنقید کرنے کا پورا حق ہے، لیکن میں نہیں سمجھتا کہ کسی کو کرکٹر کے خاندان کو نشانہ بنانے کا حق ہے۔ دہلی کمیشن برائے خواتین نے بھی اس معاملے میں سخت رویہ اپنایا ہے۔ خواتین کمیشن نے اس واقعہ کو شرمناک قرار دیتے ہوئے خطاکاروں کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

Recommended