Urdu News

بھارت کو دیوالی کا تحفہ: ڈبلیو ایچ او نے بھارت بائیوٹیک کے کوویکسین کو منظوری دی

بھارت کو دیوالی کا تحفہ: ڈبلیو ایچ او نے بھارت بائیوٹیک کے کوویکسین کو منظوری دی

کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے لئے انتہائی موزوں قرار دیا

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھارت بائیوٹیک کے ذریعہ تیار کردہ مقامی اینٹی کورونا وائرس ویکسین 'کوویکسین' کو ہنگامی استعمال کے لئے منظوری دے دی ہے۔ تنظیم نے بدھ کو سلسلہ وار ٹویٹ میں اس کی جانکاری دی۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ ویکسین اپنے آسان ذخیرہ کی وجہ سے کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے لئے انتہائی موزوں ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے کہا، "دنیا بھر کے ریگولیٹری ماہرین کی طرف سے بلائے گئے تکنیکی مشاورتی گروپ نے اس بات کا تعین کیا ہے کہ یہ ویکسین کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے اپنے معیارات پر پورا اترتی ہے۔ ویکسین کے فوائد خطرات سے کہیں زیادہ ہیں اور ویکسین استعمال کی جا سکتی ہے۔"

ڈبلیو ایچ او نے دوسری خوراک کے 14 دن بعد کوویکسین کو 78 فیصد موثر پایا ہے۔ اس کے علاوہ، ذخیرہ کرنے میں آسانی کی وجہ سے، اسے درمیانی اور کم آمدنی والے ممالک کے لئے بہت موزوں قرار دیا گیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے مزید کہا کہ 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے لوگ چار ہفتوں کے وقفے کے ساتھ دو خوراکوں میں ویکسین لے سکتے ہیں۔ تاہم تنظیم نے ابھی تک یہ تسلیم نہیں کیا کہ یہ ویکسین حاملہ خواتین کے لئے محفوظ ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ حاملہ خواتین کی ویکسینیشن سے متعلق دستیاب ڈیٹا، دوران حمل میں ویکسین کی افادیت کا اندازہ لگانے کے لئے ناکافی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بھارت میں تیار کی جانے والی ویکسین کی منظوری کا معاملہ طویل عرصے سے ڈبلیو ایچ او کے پاس زیر التوا تھا۔ اس دوران کئی ممالک نے اس ویکسین کو منظوری دی تھی۔ تاہم بہت سے بھارتی شہریوں کو بیرون ملک جانے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا کیونکہ اسے عالمی سطح پر منظور نہیں کیا گیا تھا۔

Recommended