Urdu News

بی جے پی نے بنگال حکومت سے ایندھن ٹیکس میں کٹوتی کا مطالبہ کیا، ترنمول نے جوابی حملہ بولا

بی جے پی نے بنگال حکومت سے ایندھن ٹیکس میں کٹوتی کا مطالبہ کیا، ترنمول نے جوابی حملہ بولا

دیوالی کے موقع پر مرکزی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے ٹیکسوں میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے بنگال بی جے پی نے مغربی بنگال حکومت سے ریاستی حکومت کے ٹیکس میں بھی کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے کئی لیڈروں نے ٹویٹر پر اس کے لیے مہم چلائی ہے اور کہا ہے کہ جس طرح مرکزی حکومت کی جانب سے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ڈیزل کی قیمت میں 10 روپیے اور پیٹرول کی قیمت میں 5 روپیے کی کمی کی گئی ہے، اس طرح ریاستی حکومت کو چاہیے کہ وہ اس کی قیمتوں میں کمی کرے۔ ریاستی ٹیکس بھی کم کرے  تاکہ ڈیزل اورپٹرول مزید سستے ہو سکیں۔

ریاستی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور بی جے پی کے سینئر ایم ایل اے شبھیندو ادھیکاری نے ٹوئٹر پر لکھا  کہ اب مغربی بنگال حکومت کو مرکزی حکومت کی تقلید کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے ریاستی ٹیکس میں فوری کمی کرنی چاہیے۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے اس قدم کو ملک کو دیوالی کا تحفہ قرار دیا ہے۔

ریاستی بی جے پی کے سابق صدر دلیپ گھوش نے بھی ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کی حکومت، جو ریاست میں بڑے پیمانے پر عوامی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کرتی ہے، ریاستی حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات پر ویٹ کو کم کرے تاکہ قیمتیں نیچے آسکیں۔

پارٹی کے ریاستی صدر سکانت مجومدار نے بھی اسی طرح ٹویٹ کرکے ریاستی حکومت کے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

تاہم ترنمول کانگریس نے جوابی حملہ کیاہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری اور ترجمان کنال گھوش نے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی ڈیوٹی میں کمی محض ایک دھوکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پورے ملک میں مہنگائی بڑھ گئی ہے اور قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں تو مرکزی حکومت نے قیمتیں کم کرنے کا ڈرامہ کیا ہے۔ اگر واقعی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنی ہے تو قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجوہات کو ختم کرنا ہو گا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ مرکزی حکومت پٹرولیم مصنوعات پر زیادہ ٹیکس عائد کرتی ہے، اس لیے ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے اس کے فیصلے سے مرکزی حکومت کے خزانے پر زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ بی جے پی کی زیرقیادت والی مرکزی حکومت بی جے پی زیراقتدار والی ریاستی حکومتوں کو زیادہ رقم دیتی ہے۔

Recommended