نئی دہلی، 08 نومبر (انڈیا نیرٹیو)
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی کی علمی سرگرمیوں اور بھرپور ذہانت کی تعریف کی۔ لوگوں کو بااختیار بنانے اور ثقافتی فخر کو بڑھانے کا سہرا بھی انہیں دیا۔
سابق نائب وزیر اعظم اڈوانی آج 94 برس کے ہو گئے۔ وزیر اعظم مودی آج بی جے پی کے سینئر لیڈر کو ذاتی طور پر مبارکباد دینے کے لیے ان کی رہائش گاہ پر گئے۔ اس دوران نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
اس سے پہلے ٹویٹ میں وزیر اعظم مودی نے کہا، ”محترم اڈوانی جی کو سالگرہ مبارک ہو۔ میں ان کی لمبی اور صحت مند زندگی کے لیے دعا گو ہوں۔ لوگوں کو بااختیار بنانے اور ہمارے ثقافتی فخر کو بڑھانے کے لیے ان کی تمام کوششوں کے لیے قوم ان کی مقروض رہے گی۔ وہ اپنی علمی سرگرمیوں اور بھرپور ذہانت کی وجہ سے بھی قابل احترام ہیں۔"
اڈوانی 08 نومبر 1927 کو غیر منقسم ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اٹل بہاری واجپائی کی حکومت میں 2002 سے 2004 تک ہندوستان کے 7 ویں نائب وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اڈوانی نے ملک کے وزیر داخلہ کا عہدہ بھی سنبھالا۔ اڈوانی بھارتیہ جنتا پارٹی کے شریک بانی اور سینئر رہنما ہیں۔ انہیں ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز پدم وبھوشن سے نوازا گیا ہے۔