Urdu News

وزیراعظم عمران خان سے طالبانی وزیر خارجہ امیر خان متقی کی ملاقات، افغانستان میں پاکستان کی دخل اندازی پر پوری دنیا کی نظر

وزیراعظم عمران خان سے طالبانی وزیر خارجہ امیر خان متقی کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہم موسم سرما آنے سے قبل انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی سمیت ہر ممکن اقدام کے لیے افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، موجودہ صورتحال کے تناظر میں پاکستان طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق اور انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے مقاصد کے پیش نظر بھارت کی جانب سے گندم کی فراہمی سے متعلق نقل و حمل کے لیےافغان بھائیوں کی درخواست پر ہمدردانہ غور کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر افغان وفد میں قائم مقام وزرا خزانہ، صنعت و تجارت اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ وزیراعظم نے افغانستان کی حمایت اور ان کے ملک کو درپیش چیلنج سے نمٹنے کے لیے افغان عوام کی مدد کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور خطہ کے لیےپرامن، مستحکم، خودمختار، خوشحال اور مربوط افغانستان کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق اقدامات، تمام افغانوں کے حقوق کا تحفظ، نظم و نسق اور سیاست میں تمام فریقوں کی شمولیت سے افغانستان میں استحکام کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عبوری افغان حکومت عالمی برادری سے تعمیری بات چیت جاری رکھے گی اور درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں فوری طور پر انسانی بنیاد پر ریلیف کی فراہمی کیلئے مسلسل زور دے رہا ہے۔ وزیراعظم نے معاشی انہدام سے بچنے کیلئے افغانستان کے منجمد کئے گئے اثاثے جاری کرنے اور بینکنگ ٹرانزیکشن میں سہولت کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم موسم سرما آنے سے قبل انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی سمیت ہر ممکن اقدام کیلئے افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ امداد میں پہلے ہی اضافہ کیا جا چکا ہے، پاکستان افغانستان کو گندم، چاول،ہنگامی طبی امداد اور شیلٹرز سے متعلق سامان سمیت اشیا ضروریہ فراہم کرے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں پاکستان طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق اور انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے مقاصد کے پیش نظر بھارت کی جانب سے گندم کی فراہمی سے متعلق نقل و حمل کے لیے افغان بھائیوں کی درخواست پر ہمدردانہ غور کرے گا۔وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے لوگوں کی آمدورفت میں سہولت کیلئے مل کر کام کرنے اور خطہ میں ترقی و خوشحالی کے فروغ کے لیے ٹرانزٹ اور علاقائی روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

Recommended