دہلی-این سی آر میں آلودگی پر سخت کارروائی کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ دہلی-این سی آر میں لاک ڈاؤن کے نفاذ پر بھی غور کیا جانا چاہئے۔ عدالت نے تجویز پیش کی ہے کہ حکومت دہلی میں دو دن کا لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر غور کرے۔ کیس کی اگلی سماعت 15 نومبر کو ہوگی۔
عام طور پر ہفتہ کو سپریم کورٹ میں کوئی سماعت نہیں ہوتی ہے، لیکن آج چیف جسٹس این وی رمنا کی صدارت میں خصوصی سماعت ہوئی۔ سماعت کے آغاز میں، جب مرکزی حکومت نے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، پرالی جلانے والوں پرجرمانہ عائد کرنا پڑے گا۔
عدالت نے کہا کہ کسانوں کو صرف پرالی جلانے کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ دھول، گاڑیاں اور دیگر چیزیں 70 فیصد آلودگی کا سبب ہیں، اس پر قابو پایا جائے۔ عدالت نے کہا کہ حالت بہت سنگین ہے۔ مرکز اور ریاستوں کو ایک دوسرے پر الزام لگائے بغیر ہنگامی اقدامات کرنے چاہئیں۔ عدالت نے بچوں سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کھل گئے، بچہ براہ راست آلودگی کی زد میں ہیں، آپ اس کا کیا کررہے ہیں؟
عدالت نے پرالی کے انتظام کے لیے مشین پر بھی سوال اٹھایا۔ عدالت نے کہا کہ کیا کسان سبسڈی کے بعد بھی اسے خرید سکتے ہیں۔ جسٹس سوریا کانت نے کہا کہ میں خود ایک کسان ہوں۔ چیف جسٹس خود کسان ہیں، ہم حقیقت کو سمجھتے ہیں۔ کیا یہ بہتر نہیں ہوگا کہ حکومت کسانوں سے پرالی لے کر براہ راست صنعتوں کو فراہم کرے۔
سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے مرکز کی جانب سے کہا کہ آج مرکز اور ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کی میٹنگ ہو رہی ہے۔ اس کے بعد عدالت نے مرکزی حکومت کو 15 نومبر تک بتانے کی ہدایت دی کہ وہ ایسی سنگین صورتحال میں کیا قدم اٹھا رہی ہے۔
دہلی۔این سی آر کی فضا میں اگلے دو دنوں تک آلودگی کی گھنی دھند چھائی رہے گی
دہلی-این سی آر کی آب و ہوا ہفتہ کے روزمزید زہریلی ہو گئی ہے۔ ایک طرف لوگوں کو سانس لینے میں دشواری ہونے لگی ہے تووہیں آنکھوں میں بھی جلن کی شکایات آنے لگی ہیں۔
دہلی-این سی آر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیوآئی) ہفتہ کے روز 499 تک پہنچ گیا۔ نوئیڈا میں صورتحال اور بھی سنگین ہے۔ یہاں اے کیو آئی کی سطح 700 سے زیادہ ہے۔ یہی صورتحال ہریانہ کے گروگرام میں بھی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہواؤں کی رفتار کم ہونے کی وجہ سے دہلی-این سی آر کے علاقوں میں فضائی آلودگی اگلے دو دنوں تک سنگین زمرے میں رہے گی۔پرالی جلانے کے واقعات میں اضافے کے ساتھ یہ صورتحال آنے والے دنوں میں بھی برقرار رہے گی۔ اس لیے مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ نے خواتین، بزرگوں اور بچوں کو گھر سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔ دہلی این سی آر کے علاقوں میں اسموگ اور آلودگی کی صورتحال میں فی الحال وقت بہتری کی کوئی امید نہیں ہے۔