وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ جس طرح راشٹرپتا مہاتما گاندھی، آئرن مین سردار ولبھ بھائی پٹیل، بابا صاحب امبیڈکر وغیرہ کی جیتنی منائی جاتی ہے، اسی طرح بھگوان برسا منڈا کی جینتی ہر سال ملک بھر میں یوم قبائلی فخرکے طور پر منایا جائے گا۔
وزیر اعظم مودی پیر کو یوم قبائلی فخر کے موقع پر مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں منعقد قبائلی مہا سمیلن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آج اپنا پہلا یوم قبائلی فخر منا رہا ہے۔ آزادی کے بعد ملک میں پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر پورے ملک کے قبائلی سماج کو فخر سے یاد کیا جا رہا ہے، فن، ثقافت، تحریک آزادی اور قوم کی تعمیر میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ میں آج یہاں مدھیہ پردیش کے قبائلی سماج کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم نے سالوں سے مسلسل آپ کی محبت اور اعتماد حاصل کیا ہے۔ یہ پیار ہر لمحہ مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔ آپ کی محبت ہمیں آپ کی خدمت کے لیے دن رات ایک کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ چاہے وہ گونڈ مہارانی ویر درگاوتی کی بہادری ہو یا رانی کملا پتی کی قربانی، ملک انہیں فراموش نہیں کر سکتا۔ مہارانا پرتاپ کے جدوجہد کا تصور ان بہادر بھیلوں کے بغیر نہیں کی جاسکتی، جنہوں نے کندھے سے کندھا ملا کر لڑائی لڑی اور قربانیاں دی۔ آج جب ہم قومی اسٹیج سے قومی تعمیر اور قبائلی سماج کی قربانیوں کی باتیں کرتے ہیں تو کچھ لوگوں کو حیرانی ہوتی ہے۔ ایسے لوگوں کو یقین ہی نہیں ہوتا ہے کہ قبائلی سماج کا بھارت کی ثقافت کو مضبوط کرنے میں کتنی بڑی قربانی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پدم وبھوشن‘ باباصاحب پورندرے جی نے چھترپتی شیواجی مہاراج کی زندگی کو ان کی تاریخ کو عام لوگوں تک پہنچانے میں جو تعاون دیا ہے، وہ انمول ہے۔ یہاں کی حکومت نے انہیں کالیداس ایوارڈ بھی دیا۔ آج چاہے غریبوں کے گھر ہوں، بیت الخلاء ہوں، بجلی اور گیس کے مفت کنکشن ہوں، اسکول ہوں، سڑکیں ہوں، مفت علاج ہو، یہ سب کچھ ملک کے باقی حصوں کی طرح قبائلی علاقوں میں بھی اسی رفتار سے ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پدم ایوارڈز دیئے گئے ہیں۔ قبائلی سماج سے آنے والے ساتھی راشٹرپتی بھون پہنچے تو دنیا حیران رہ گئی۔ قبائلی اور دیہی معاشرے میں کام کرنے والے یہ لوگ ملک کے حقیقی ہیرے ہیں۔ آج شیوراج سنگھ چوہان کی حکومت نے قبائلی سماج کے لیے کئی بڑی اسکیمیں شروع کی ہیں۔ چاہے وہ ’راشن آپ کے گرام‘ اسکیم ہو یا مدھیہ پردیش سکل سیل مشن، یہ پروگرام قبائلی معاشرے میں صحت اور غذائیت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔