Urdu News

بین الاقوامی تجارتی میلہ ’ ہنر ہاٹ ‘کا پرگتی میدان میں افتتاح، ہنر ہاٹ سے بنکر سماج میں زبردست خوشی

بین الاقوامی تجارتی میلہ ’ ہنر ہاٹ ‘کا پرگتی میدان میں افتتاح

مرکزی وزیر برائے اقلیّتی امور اور ڈپٹی لیڈر، راجیہ سبھا مختار عبّاس نقوی نے آج یہاں کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کا ”ووکل فار لوکل“ منتر، ملک کی اقتصادی اور سوَدیشی خود انحصاری کے عزم کو مضبوط کرنے کا موثّر میکانزم ثابت ہوا ہے۔آج بھارت انتر راشٹریہ ویاپار میلہ (آئی۔آئی۔ٹی۔ایف۔)، پرگتی میدان، نئی دِہلی میں منعقدہ ”ہنر ہاٹ“ کے افتتاح کے بعد جناب نقوی نے کہا کہ گزشتہ برس کے کورونا کے مشکل دَور کے وقت بھی سوَدیشی مصنوعات نے بھارتیہ بازار اور اقتصادی حالات پر اپنی گرفت مضبوط بنائی اور بھارتیہ اقتصادیات کی پوری دنیامیں مچی مندی اور تنگی سے حفاظت کی۔ جو ملک اناج کے لیے بھی غیر ملکی در آمدات پر انحصار کرتا تھا وہ ملک خود کافی اناج کی پیداوار ہی نہیں کر رہا ہے بلکہ دنیا کو بھی بر آمد کر رہا ہے۔ یہ ملک کسانوں کی محنت اور مودی حکومت کے ”خود کفیل کسان اور زراعت“ کے موثّر اقدامات کا نتیجہ ہے۔

اِس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیّتی امور جان بارلا، بھارت میں ایران کے سفیر ہِز ایکسیلینسی ڈاکٹر علی چیگینی، کویت کے سفیر ہِز ایکسیلینسی جناب جسیم اَل۔ نجیم، مرکزی وزارت برائے اقلیّتی امور کی سیکریٹری محترمہ رینوکا کمار اور دیگر سینیئر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔جناب نقوی نے کہا کہ بھارت فارمیسی کے شعبے کا عظیم مرکز بن گیا ہے۔ ایک سال کے اندر کورونا سے لڑنے کی ویکسین کی پیداوار، لوگوں کی صحت۔تحفظ کے مختلف آلات، سہولیات، ذرائع سمیت زندگی بچانے والی ادویات اور ملکی مصنوعات نے بھارت کی طاقت کا پورے عالم کو احساس کرایا ہے۔

 نقوی نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ”ووکل فار لوکل“ اور ”سوَدیشی“ کی پکار سے ہینڈلوم۔ہینڈی کرافٹ کے شعبے میں بھارت کی پشتینی وراثت کو ترغیب ملی اور ”ہنر ہاٹ“ کے ذریعہ دستکاروں، شلپکاروں، کاریگروں نے ”خود کفیل بھارت“ کے عزم کو توانائی بخشی ہے۔بھارت انتر راشٹریہ ویاپار میلہ (آئی۔آئی۔ٹی۔ایف۔)، پرگتی میدان، نئی دِہلی میں 14 سے27 نومبر2021ء تک منعقدہ ”ہنر ہاٹ“، ملک بھر میں منعقد کئے جا رہے ”ہنر ہاٹوں“ کے تسلسل کا 33 واں ”ہنر ہاٹ“ ہے جس میں 30 سے زیادہ ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں سے تقریباً ۰۵۵دستکار، شلپکار، کاریگر شامل ہوئے ہیں۔ پرگتی میدان کے ہال نمبر 3میں منعقدہ اس ”ہنر ہاٹ“ میں 1003اسٹال لگائے گئے ہیں جو اس برس آئی۔آئی۔ٹی۔ایف۔ میں وزارت برائے اقلیّتی امور کی سب سے بڑی حصّہ داری ہے۔

نقوی نے کہا کہ ”ہنر ہاٹ“ کے اِی۔ پلیٹ فارم http://hunarhaat.orgکے ساتھ ہی GeMپورٹل پر آنے سے اور بہتر بازار لنکیج، نئے ڈیزائن، بہتر پیکیجنگ، تربیتی کریڈٹ لنکیج سے بڑے پیمانے پر دستکاروں، شلپکاروں، کاریگروں کے لئے اقتصادی ترقّی کے مواقع دستیاب ہوئے ہیں۔ اِس کا نتیجہ ہے کہ پچھلے (چھ) 6برسوں میں ”ہنر ہاٹ“ کے ذریعہ سے (چھ) 6لاکھ پچہتّر (57) ہزار سے زیادہ دستکاروں، شلپکاروں اور ان سے جڑے لوگوں کو روزگار اور ذاتی روزگار کے مواقع مہیّا کرانے میں کامیابی ملی ہے۔ نقوی نے کہا کہ”ہنر ہاٹ“ میں آسام، بہار، آندھرا پردیش، گجرات، لدّاخ، پنجاب، جمّوں۔ کشمیر، کرناٹک، مدھّیہ پردیش، اتّر پردیش، راجستھان، جھارکھنڈ، ناگالینڈ، میگھالیہ، دِلّی، مہاراشٹر، اتّراکھنڈ، مغربی بنگال، منی پور، گوا، پدّو چیری، چھتّیس گڈھ، تیلنگانا، چنڈی گڈھ، ہریانہ، وغیرہ کے روائتی شاندار ہاتھ سے بنی مصنوعات فروخت اور نمائش کے لیے مہیّا ہیں۔ پرگتی میدان میں اوپن آڈیٹوریم میں ہر روز ”ہنر ہاٹ“ کے ذریعہ ملک کے نامور، مشہور و معروف کلاکاروں کے مختلف ثقافتی، گیت۔موسیقی کے پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں۔ ”ہنر ہاٹ“ میں ”سرکس“ کی بھی نمائش ہو گی جہاں لوگ بھارتیہ سرکس کے فنکاروں کے شاندار روائتی ہنر سے محظوظ اور لطف اندوز ہو سکیں گے۔اِس کے پہلے ”ہنر ہاٹ“ کا انعقاد دِلّی، ممبئی، پریاگ راج، لکھنؤ، جے پور، احمدآباد، حیدر آباد، پدّو چیری، بھوپال، اندور، رانچی، میسور و، گوا، دہرادون، ورنداون اور رام پور وغیرہ جگہوں پر کیا جا چکا ہے۔ آنے والے دنوں میں ”ہنر ہاٹ“ کا انعقاد26 نومبر سے 05/ دسمبر2021 تک حیدرآباد، 10/ دسمبر سے 19/ دسمبر تک سورت، اور 22/ دسمبر سے02/ جنوری 2022 تک جواہر لال نہرو اسٹیڈیم، نئی دِلّی میں ہو گا۔ اِس کے علاوہ  ”ہنر ہاٹ“ کا انعقاد میسورو، گواہاٹی،  پونے، احمدآباد، بھوپال، پٹنہ، پدّو چیری، ممبئی، جمّوں، چنئی، چنڈی گڑھ، آگرہ، پریاگ راج، گوا، جے پور، بنگلورو، کوٹہ، سکّم، سری نگر، لیہہ، شیلانگ، رانچی، اگرتلہ اور دیگر مقامات پر بھی ہو گا۔

Recommended