Urdu News

سربیا نے پرتگال کو شکست دے کر ورلڈ کپ کا ٹکٹ کٹایا، اسپین اورکروشیا نے بھی کیا کوالیفائی

سربیا نے پرتگال کو شکست دے کر ورلڈ کپ کا ٹکٹ کٹایا، اسپین اورکروشیا نے بھی کیا کوالیفائی

اسپین، سربیا اور کروشیا نے اگلے سال قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ فٹ بال کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے تاہم سویڈن، پرتگال اور روس کوابھی مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ البتہ سربیا نے پرتگال پر جیت درج کرکے سب کو چونکا دیا۔ الیگزینڈر مترووچ کے 90 ویں منٹ میں ہیڈر سے کئے گئے گول نے کرسٹیانو رونالڈواور ان کی ٹیم کوحیرت میں ڈال دیا۔  سربیا نے لسبن میں کھیلے گئے اس میچ میں 2-1 سے جیت درج کرکے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی حاصل کی۔ پرتگال کو کوالیفائی کرنے کے لیے صرف ڈرا کی ضرورت تھی، لیکن مترووچ  کے گول نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ سربیا اس جیت کے ساتھ گروپ اے میں سرفہرست رہا۔

پرتگال کے پاس ابھی بھی کوالیفائی کرنے کا موقع ہے، لیکن اسے مارچ میں پلے آف میں ٹاپ چار ٹیموں میں جگہ بنانے کی ضرورت ہوگی۔ پرتگال کی جانب سے  ریناٹو سانچیز نے دوسرے ہی منٹ میں گول کرکے انہیں مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا تھا لیکن ڈوسان ٹیڈیچ 33ویں منٹ میں سربیا کی طرف سے برابری کا گول کرنے میں کامیاب رہے۔ مترووچ کے ہیڈر سیشائقین اور پرتگالی کھلاڑی دنگ رہ گئے۔ ان میں رونالڈو بھی تھے جو آخری سیٹی بجنے کے بعد خاموشی سے میدان میں بیٹھ گئے۔

گروپ اے کے ایک اور میچ میں آئرلینڈ نے لکسمبرگ کو 3-0 سے شکست دی۔ اسپین کو کوالیفائی کرنے کے لیے سویڈن کے خلاف اپنے آخری میچ میں صرف ڈرا کی ضرورت تھی لیکن اس نے 86 ویں منٹ میں سبسٹی ٹیوٹ کھلاڑی  الوارو موراٹا کے گول سے گروپ بی میں 1-0 سے جیت درج کی۔  اس سے سویڈن کے اسٹار زلاٹن ابراہیموچ کی ایک اور ورلڈ کپ میں کھیلنے کی امیدیں پلے آف پر مرکوز ہو گئی ہیں۔ گروپ بی میں ہی یونان اور کوسووا کا مقابلہ 1-1 سے برابری پر رہا۔ یہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی کرنے کی دوڑ سے باہر ہو چکی تھیں۔

کروشیا نے روسی ڈیفنڈر کھلاڑی فیڈور کدریاشوف کے  81ویں منٹ میں کئے گئیخودکش گول سے 1-0 سے جیت درج کی۔ اس جیت کے ساتھ کروشیا گروپ ایچ میں سرفہرست رہا۔ روس بھی اب پلے آف میں کھیلے گا جو اگلے سال 24 مارچ سے شروع ہوں گے۔ اس گروپ میں تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم سلواکیہ نے مالٹا کے خلاف 6-0 سے جیت درج کی جس میں اونڈریز ڈوڈا کی ہیٹ ٹرک شامل تھی۔ ایک اور میچ میں سلووینیا نے سائپرس کو 2-1 سے شکست دی۔ جرمنی گروپ جے سے  پہلے ہی ورلڈ کپ میں اپنی جگہ محفوظ کر چکا تھا، لیکن اس نے آرمینیا کو 4-1 سے ہرا کر اپنی جیت کی مہم جاری رکھی۔

Recommended