جموں،17 نومبر(انڈیا نیرٹیو)
جموں کے سرمائی دارالحکومت جموں شہر میں بدھوار سے رات کا کرفیو نافذ کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔انتظامیہ کی طرف سے یہ فیصلہ خطے میں کویڈ۔19 مثبت معاملات کی شرح میں اضافہ ہونے کے بعد لیا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ جموں انشل گرگ نے منگل کو خبردار کیا کہ پابندیوں کی خلاف ورزی سخت کارروائی کو دعوت دے گی۔ گرگ نے ایک ٹویٹ میں کہا، "جموں میں بڑھتی ہوئی مثبت معاملات کی شرح کے پیش نظر، ڈی ڈی ایم اے نے 17 نومبر (بدھ) سے رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک رات کا کرفیو نافذ کیا ہے۔" انہوں نے شہر میں رہنے والے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا ایس.او.پیز پر عمل کریں اور مکمل ویکسین لگائیں۔ ضلع مجسٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام اسٹیشن ہاؤس آفیسرز اور تحصیلدار اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ لوگوں کو اس متعلق آگاہ کرنے کے لیے پبلک ایڈریس سسٹم پر اعلانات کیے جائیں۔ ڈی ایم نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نے شہر میں کوویڈ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ فوری اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ حال ہی میں کورونا مثبت معاملات کی شرح میں 0.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سرنکوٹ پونچھ میں پولیس کی گاڑی حادثہ کا شکار ایک پولیس اہلکار جاں بحق،پانچ دیگر شدید زخمی
جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں منگل کو ایک پولیس اہلکار ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے، جن میں سے چار کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔سڑک کا یہ حادثہ ایس ایس پی پونچھ کے محافظوں کی گاڑی کو پیش آیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایس ایس پی اور ان کا محافظ مغل روڈ پر واقع پیر کی گلی سے واپس آرہے تھے۔ یہ محافظ جموں کے ڈویڑنل کمشنر ڈاکٹر راگھو لینگر کے ساتھ تھا، جو اس وقت پونچھ ضلع کے 2 روزہ دورے پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرنکوٹ میں ڈروگین بفلیاز کے مقام پر پولیس کی گاڑی سڑک سے پھسل کر دریا میں گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوئے۔حادثہ میں زخمیوں کو علاج کے لئے سب ڈسٹرکٹ اسپتال سرنکوٹ منتقل کیا گیا جہاں پر ایک پولیس اہلکار کو مردہ قرار دیا گیا۔جبکہ چار شدید طور پر زخمی اہلکاروں کو جی ایم سی راجوری منتقل کیا گیا۔ بی ایم او سرنکوٹ ڈاکٹر ذوالفقار چودھری نے بتایا کہ جے ایم سی ریفر کیے گئے چاروں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ ایک پولیس اہلکار ایس ڈی ایچ سرنکوٹ میں ہی زیر علاج ہے۔