Urdu News

ڈرگ پارٹی: ہائی کورٹ نے آرین خان کی گرفتاری پراٹھائے سوال

ڈرگ پارٹی: ہائی کورٹ نے آرین خان کی گرفتاری پراٹھائے سوال

کارڈیلیا دی امپریس کروز شپ پر ہائی پروفائل ڈرگس پارٹی کیس میں آرین خان اور دیگر کی گرفتاری پر بامبے ہائی کورٹ نے سوال اٹھایا ہے۔ساتھ ہی کروز شپ پرچھاپہ مارنے والینارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) کے کام کے انداز پر بھی سوال اٹھایاہے۔ہائی کورٹ کے ان سوالوں سے این سی بی کی ممبئی زون کے ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کی مصیبتیں بڑھ سکتی ہیں۔

ہائی کورٹ نے ڈرگس پارٹی معاملے میں گرفتار کئے گئے آرین خان، ارباز کان مرچنٹ اور منمن دھامیچا کو28اکتوبر کو مشروط ضمانت دی تھی۔ اس معاملے میں دیا گیا فیصلہ آج جسٹس نتن سامبرے نے آج منظرعام پر کیا۔ جسٹس سامبرے نے کہا کہ کیس میں آرین خان، ارباز مرچنٹ اور منمن دھامیچا کے پاس کمرشیل مقدار نہیں پائی گئی تھی۔ اس معاملے کے دیگر ملزمین کے ساتھ ان تینوں کے تعلقات کے کوئی ثبوت این سی بی عدالت میں پیش نہیں کرسکی تھی۔ این سی بی ان تینوں کے منشیات کے استعمال کے ثبوت بھی عدالت میں پیش نہیں کر سکی۔ اس لیے این سی بی کی یہ کارروائی قانونی دائرے میں نہیں بیٹھتی۔ ہائی کورٹ کے اس سوال سے سمیر وانکھیڑے کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ سمیر وانکھیڑے کی قیادت میں این سی بی کی ٹیم نے 2 اور 3 اکتوبر کی درمیانی رات ممبئی سے گوا جانے والے کروز جہاز پر چھاپہ ماری کی تھی۔ این سی بی نے آرین خان، ارباز مرچنٹ، منمن دھامیچا سمیت 8 لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔ این سی بی نے اس معاملے میں ایک ایک کرکے کل 20 لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔ کیس کے گواہ پربھاکر سیل نے الزام لگایا تھا کہ اس پورے معاملے میں ڈیل ہوئی ہے، جس کے بعد ڈرگس پارٹی معاملے کی جانچ دہلی این سی بی کی ایس آئی ٹی کو سونپ دی گئی۔

Recommended