نئی دلّی ،21 نومبر/ تعلیم ، ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کے مرکزی وزیر جناب دھرمیندر پردھان نے آج آئی آئی ٹی گواہاٹی کا دورہ کیا اور وہاں جدید ترین ٹیکنا لوجی کے مرکز ( سی این ٹی ) اور انڈین نالج سسٹم کے مرکز ( سی آئی کے ایس ) کے ساتھ ساتھ انسٹی ٹیوٹ کے دو ہاسٹل کا بھی افتتاح کیا ۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ میں این ای پی 2020 کے نفاذ پر ایک کتاب کا بھی اجراء کیا ۔ اس موقع پر آسام کے وزیر تعلیم ڈاکٹر رَنوج اور ممبر پارلیمنٹ محترمہ کوئین اوجا بھی موجود تھے ۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ، جناب پردھان نے مختلف بین الاقوامی اور قومی رینکنگ نظام میں بہترین درجہ بندی حاصل کرنے کے لئے آئی آئی ٹی گواہاٹی کو مبارکباد دی اور تحقیق و تعلیم کے لئے ماحول تیار کرنے کے ساتھ ساتھ پورے شمال مشرق کے خطے کی مجموعی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی گواہاٹی کو قدرتی آفات کے بندوبست ، نباتاتی تنوع پر مبنی تحقیق ، سبز توانائی کے فروغ ، علم پر مبنی معیشت کے استحکام اور طلباء میں صنعت کاری کو فروغ دینے جیسے اہم شعبوں میں اہم رول ادا کرنا ہے ۔ انہوں نے ادارے کے طلباء اور فیکلٹی پر زور دیا کہ وہ حل پر مرکوز اختراعات کے لئے فعال ماحول تیار کرنے کی خاطر ٹیکنا لوجی اور علم میں تال میل پیدا کریں ۔
انہوں نے کہا کہ اس ایک دوسرے سے مربوط دنیا میں آئی آئی ٹی گواہاٹی میں نینو ٹیکنا لوجی کا مرکز بہت سے سی او ایز ، انکیوبیٹرس اور تحقیق لیبا ریٹریوں کو کثیر جہتی تحقیق اور صحت کے نظام میں تعلیم ، نینو بایو مٹیریل ، مائیکرو / نینو الیکٹرانک اور توانائی کی میزبانی کرے گا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 2020 ء میں کنووکیشن کی اپنی تقریب میں آئی آئی ٹی گواہاٹی کو مشورہ دیا تھا کہ وہ انڈین نالج سسٹم کا ایک مرکز قائم کرے ۔ انہوں نے ، اِس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یہ مرکز تیزی کے ساتھ قائم کیا گیا ہے ، جس میں بھارت کے قدیم اور روایتی علم کو دستاویزی شکل دے کر محفوظ کیا جائے گا اور اس کو عام کیا جائے گا ۔
جناب پردھان نے کہا کہ شریمنت شنکر دیو ایک عظیم دانشور تھے ، جنہوں نے تہذیب اور انسانیت کو نئی سوچ اور نئی شکل دی ۔ اہوم کا شاندار کلچر ، طاقتور برہمپتر ، ماں کامکھیا اور لچت بور پھوکن جیسی عظیم شخصیات کی سرزمین کو آئی آئی ٹی گواہاٹی کے طلباء کے لئے ایک تحریک کے طور پر کام کرنا چاہیئے ۔