مسجد الحرام کی پہلی منزل صرف طواف کرنے والوں کے لیے مختص کردی گئی ہے۔ نگراں حرم اسپیشل فورسز کے مطابق طواف کرنے والوں کے لیے اوقات کار رات 12 سے 3 اور صبح 6 سے 10 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ توکلنا ایپ پر اوقات متعین کیے جائیں گے تاکہ طواف پرمٹ کا حصول آسان ہوسکے۔
مذکورہ ذرائع نے مزید بتایا کہ منظور شدہ موبائل ایپلی کیشنوں کے ذریعے حجر اسود کو بوسہ دینے، رکنِ یمانی کے استلام اور حطیم (حِجرِ اسماعیل) کے اندر نماز کی بکنگ کی خدمت بھی شروع کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق حرمین شریفین کی انتظامیہ مسجد حرام اور مسجد نبوی میں آنے والوں کو اعلی ترین خدمات پیش کرنے کے واسطے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ اس حوالے سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کو پوری طرح نافذ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل مملکت سعودی عرب نے مسجد حرام کی مکمل گنجائش کے استعمال کی اجازت جاری کی تھی۔ اس حوالے سے کارکنان اور تمام زائرین کو تمام وقت ماسک لگانے کی پابندی پر کاربند رہنا ہو گا۔ عمرہ اور نماز کے اوقات کے حصول کے واسطے اعتمرنا اور توکلنا ایپلی کیشنوں کا استعمال جاری رہے گا۔ اسی طرح مسجد نبوی کی بھی مکمل گنجائش کے استعمال کی اجازت دی جا چکی ہے۔ مسجد کے اندر تمام کارکنان اور زائرین کو پورے وقت ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کرنا ہو گا۔