Urdu News

سات لاکھ سے زائد نئی کمپنیوں کا قیام عمل میں آیا، لوک سبھا اجلاس میں وزیر کارپوریٹ افئیرس کا بیان

سات لاکھ سے زائد نئی کمپنیوں کا قیام عمل میں آیا

حیدرآباد۔یکم دسمبر(انڈیا نیرٹیو)

ملک میں گزشتہ 6 برسوں کے دوران 5لاکھ 506کمپنیوں نے کاروبار بند کئے ہیں جب کہ اسی مدت میں 7لاکھ 17ہزار 49نئی کمپنیوں کا قیام عمل میں آیا۔ کمپنیز ایکٹ 2013 کے تحت نو رجسٹرڈ کمپنیوں کے قیام اور جو کمپنیاں بند کی گئی ہیں ان کی تفصیلات لوک سبھا میں وزیر کارپوریٹ افئیرس راؤ اندرجیت سنگھ نے بتائی۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت یا وزارت کی جانب سے موقع یا حالات کے اعتبار سے ڈاٹا نہیں تیار کیا جاتابلکہ مالی سال کے اعتبار سے ڈاٹا تیارکیاجاتاہے۔

وزیر موصوف نے بتایا کہ کرنسی تنسیخ‘کورونا لاک ڈاؤن یا جی ایس ٹی کے اعتبار سے یہ تفصیلات موجود نہیں ہیں بلکہ مالی سال کے اعتبار سے مجموعی تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ جاریہ سال یکم اپریل 2021 کے آغازسے اب تک 22ہزار557 کمپنیوں نے اپنے کاروبار بند کئے ہیں جبکہ اسی مدت کے دوران 1 لاکھ 9ہزار 98 نئی کمپنیوں کا قیام عمل میں لایا گیا جو کہ رجسٹرڈ کی جاچکی ہیں۔انہو ں نے بتایا کہ گزشتہ 6برسوں میں سال 2017-18 میں سب سے زیادہ کمپنیاں بند کی گئی ہیں جن کی تعداد 2لاکھ 36ہزار262 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ سال 2018-19 کے دوران 1لاکھ 43ہزار233کمپنیاں بند کی گئی ہیں۔

 گزشتہ مالی سال میں ملک بھر میں مجموعی اعتبار سے 1لاکھ 55ہزار337 نئی کمپنیاں قائم کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کارپوریٹ کمپنیوں کے ایکٹ میں کسی کمپنی کو بند کئے جانے کی اصطلاح نہیں ہے لیکن مکمل قانونی کاروائی کے بعد کمپنی اپنے ڈائرکٹرس کی قرار داد کے ذریعہ رجسٹریشن سے دستبرداری اختیار کرسکتی ہے۔انہوں نے کمپنیوں کی جانب سے تجارتی سماجی ذمہ داری کے تحت سرگرمیوں سے واقف کروایا۔

Recommended