یہ کہناکہ اب دہلی بہت دور ہے، بے کار ثابت ہوگی۔ آنے والے وقت میں دہرادون سے دہلی تین گھنٹے میں پہنچا جا سکتا ہے۔ اب تک چھ گھنٹے لگتے ہیں۔ اس کے لیے مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ وزیر نتن گڈکری نے دہلی-دہرا دون اقتصادی راہداری کو منظوری دی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی 4 دسمبر کو دہرادون میں اپنے قیام کے دوران اس کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم، جو اتراکھنڈ کا دورہ کر رہے ہیں، 4 دسمبر کو سنگ بنیاد رکھیں گے اور کئی دیگر پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے۔ ان منصوبوں کی لاگت 18 ہزارکروڑ روپے ہے۔ ان میں دہلی-دہرا دون اقتصادی راہداری بھی شامل ہے جو 8 ہزار 300 کروڑ کی لاگت کا منصوبہ ہے۔ اس کا سنگ بنیاد وزیر اعظم رکھیں گے۔ اس پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد دہلی-دہرا دون کا فاصلہ کافی کم ہو جائے گا اور دہرادون سے تین گھنٹے سے بھی کم وقت میں دہلی پہنچنا ممکن ہو سکے گا۔
دہلی-دہرا دون اکنامک کوریڈور میں 340 میٹر لمبی سرنگ بھی بنائی جائے گی۔ دہرادون کے دات کالی مندر سے بننے والی اس سرنگ کے بعد جنگلی جانور آزادانہ نقل و حرکت کر سکیں گے۔ اس پروجیکٹ کے بعد اتراکھنڈ اور دہرادون کی ترقی میں خاص تیزی آئے گی اور سیاحوں کی نقل و حرکت میں بھی اضافہ ہوگا۔