Urdu News

عوام کے مسائل کے تئیں حساس رہیں اور موثر کارروائی کریں: اوم برلا

عوام کے مسائل کے تئیں حساس رہیں اور موثر کارروائی کریں: اوم برلا

لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں انڈین پولیس سروس کے ٹرینی افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہیں  لوگوں کے مسائل کے تئیں حساس رہنے کے ساتھ ان پر موثر کارروائی کرنے کی اپیل کی۔

اوم برلا نے کہا کہ ہندوستان کی جمہوریت عوام پر مبنی ہے اور قدیم زمانے سے یہاں خدمت، قربانی اور انصاف کی انسانی اقدار پر زور دیا جاتا رہا ہے۔ آزادی کے 75 سال بعد جمہوریت پر لوگوں کا اعتماد بڑھ گیا ہے اور ہندوستانی جمہوریت دن بہ دن مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔

اس موقع پر برلا نے انڈین پولیس سروس کے افسران کی طرف سے ملک کے اتحاد اور سالمیت کے ساتھ امن و امان کو برقرار رکھنے اور دہشت گردی سے نمٹنے، حساس معلومات اکٹھا کرنے، کورونا وبا کے دوران ملک کی خدمت میں کیے جانے والے اہم کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے ریلیف اقدامات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ جیسے مختلف کاموں میں پولیس سروس کے تعاون کا بھی ذکر کیا۔

لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ امن و امان اچھی حکمرانی کی بنیاد ہے اور اس کی عدم موجودگی میں سماج کی ترقی رک جاتی ہے۔ انہوں نے نوجوان پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور اختراعات کو اپنائیں اور قانون کی پاسداری کرنے والے لوگوں کی روزمرہ کی زندگی میں مدد کریں۔

ملک کی تعمیر میں پارلیمنٹ کے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے برلا نے عہدیداروں سے کہا کہ جمہوریت  کا یہ مقدس مندر 130 کروڑ سے زیادہ ہم وطنوں کی امیدوں اور امنگوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوجوان افسران کو معاشرے کے کمزور اور غریب طبقوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔

لوک سبھا کے جنرل سکریٹری اْتپل کمار سنگھ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور لوک سبھا سکریٹریٹ کے ایڈیشنل سکریٹری پرسناجیت سنگھ نے شکریہ کی تجویز پیش کی۔

اپنی تربیت کے ایک حصے کے طور پر، یہ افسران فی الحال پارلیمانی جمہوریت ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (پرائیڈ) کے زیر اہتمام پارلیمانی طریقوں اور طریقہ کار پر دو روزہ   پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں۔ ٹرینی آفیسر انڈین پولیس سروس کے 73ویں ریگولر بیچ کے افسر  ہیں۔ افتتاحی اجلاس میں کل 133 افسران نے شرکت کی۔

Recommended