انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بلرام بھارگو نے کہا کہ لوگوں کو کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ لوگ اس کے بارے میں بیدار رہیں اور کورونا سے مطابق رویے پر عمل کرنا چاہیے۔
جمعرات کے روز مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی طرف سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بلرام بھارگو نے کہا کہ بنگلورو، کرناٹک سے کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے دو مریضوں کی شناخت کی گئی ہے۔ انساکوگ کی لیب میں تحقیقات کے بعد دونوں مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے اس ویرینٹ کو تشویشناک قرار دیا ہے اور تمام ممالک کو محتاط رہنے کے لئے کہا ہے۔
وائرس کی علامات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال میں انہوں نے کہا کہ فی الحال اس ویرینٹ کا مطالعہ کیا جا رہا ہے۔ ہمارے سائنسدان اس تحقیق میں مصروف ہیں۔ چونکہ اس وقت صورتحال بالکل نئی ہے، اس لیے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔