وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سرگیئی شوئیگو کے ساتھ دفاعی تعاون پر نتیجہ کن اور دو طرفہ بات چیت کی
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیر کے روز روسی وزیر دفاع سرگیئی شوئیگو سے دہلی کے سشما سوراج بھون میں ملاقات کی۔ دونوں وزرائے دفاع نے دفاعی تعاون پر نتیجہ خیز اور اہم دو طرفہ بات چیت کی۔ ہندوستان روس کے ساتھ اپنی اسپیشل اینڈ امپاورڈ اسٹریٹجک شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔ انڈیا۔رشیاانٹرگورنمنٹل کمیشن آن ملٹری اینڈ ملٹری ٹیکنیکل کوآپریشن (آئی آر آئی جی سی۔ایم اینڈ ایم ٹی سی) کی میٹنگ سے قبل راج ناتھ سنگھ نے اپنے روسی ہم منصب جنرل سرگیئی شوئیگو کا خیر مقدم کیا۔
وزیر دفاع نے سرگیئی شوئیگو سے ملاقات کے بعد ٹویٹ کیا کہ ہندوستان روس کی مضبوط حمایت کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہمارا تعاون پورے خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام لائے گا۔ مذاکرات کے دوران چھوٹے ہتھیاروں اور فوجی تعاون سے متعلق متعدد معاہدوں، سودوں، پروٹوکول پر دستخط کیے گئے۔ روسی وزیر دفاع جنرل سرگیئی شوئیگو کے ساتھ دفاعی تعاون پر نتیجہ خیز اور خاطر خواہ دو طرفہ بات چیت ہوئی ہے۔
میٹنگ میں کئی مدعوں پر تفصیل سے بات چیت کی گئی جن میں وقت سے پانچ جدید ترین ایس-400 میزائل سسٹم کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا اور رواں ماہ آنے والے دونوں سسٹمس کی تعیناتی میں مؤثر طریقے سے مدد کرنا شامل ہے۔ ہندوستان نے روس کے ساتھ پانچ ایئر ڈیفنس سسٹم ایس۔400 کی خریداری کے لئے 5.43 بلین ڈالریعنی 40,000 کروڑ روپے میں معاہدہ کیا تھا۔ ہندوستانی فضائیہ کوایس-400 'ٹرائمف' میزائل کی کل پانچ رجمنٹ (فلائٹ) حاصل ہونا ہیں۔ ہر فلائٹ میں آٹھ لانچر اور ہر لانچر میں دو میزائل ہیں۔ بھارت نے 2019 میں اس کے لیے 80کروڑ ڈالر کی پہلی قسط ادا بھی کر دی ہے۔
اس کے علاوہ روسی اسالٹ رائفل اے کے -203 کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے بھی بات چیت ہوئی، تاکہ مودی-پوتن کی موجودگی میں اس پر دستخط کیے جا سکیں۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے دورہ ہند سے دو دن قبل مرکزی حکومت نے ہندوستان میں اے کے -203 رائفلوں کی تیاری کو منظوری دے دی ہے۔ روس کی مدد سے اتر پردیش کے امیٹھی میں واقع کوروا آرڈیننس فیکٹری میں پانچ لاکھ سے زیادہ ان اسالٹ رائفلوں کو تیار کیاجائے گا۔