ایئر فورس نے حادثے کی وجہ کا پتہ لگانے کے لئے دیا تفتیش کا حکم، تین لوگوں کو تشویشناک حالت میں ویلنگٹن بیس اسپتال بھیجا گیا
نئی دہلی، 08 دسمبر (انڈیا نیرٹیو)
تمل ناڈو کے کنور میں بدھ کو فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ جہاز میں بھارتی مسلح افواج کے سربراہ سی ڈی ایس بپن راوت، ان کی اہلیہ سمیت 14 افراد سوار تھے۔ اب تک تین افرادکو ریسکیو کیا گیا ہے اور 4لاشیں برآمد ہونی کی تصدیق کی گئی ہے۔ ایم آئی ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد فضائیہ نے حادثے کے وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے جانچ کا حکم دیا ہے۔ جائے حادثہ پر راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ ادھر نئی دہلی واقع ساؤتھ بلاک میں سلامتی معاملوں کی کابینہ کی میٹنگ بلا لی گئی ہے۔ اس میٹنگ کے بعد حکومت پارلیمنٹ میں حادثے کی جانکاری دے گی۔فضائیہ نے ٹوئٹ کرکے جانکاری دی ہے کہ کنور میں فضایہ کا ایم آئی -17وی پانچ ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوا ہے۔ ہیلی کاپٹر میں سی ڈی ایس جنرل بپن راوت ان کی اہلیہ اور فوجی افسروں سمیت 14 افراد سوار تھے۔ ان میں سی ڈی ایس کے پی ایس او بریگیڈیئر ایل ایس لڈر، لیفٹیننٹ کرنل ہرجیندر سنگھ، نائک گرسیوک سنگھ، نائیک جتیندر کمار، لانس نائک وویک کمار اور لانس نائک بی سائی تیجا شامل تھے۔ اس کے علاوہ پائلٹ اور تکنیکی عملہ بھی زخمی ہوئے ہیں۔ اب تک چار افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں، جبکہ تین لوگوں کو سنگین حالت میں ولینگٹن بیس کے اسپتال میں بھیجا گیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق سی ڈی ایس بپن راوت اپنی اہلیہ مدھولیکا راوت کے ساتھ منگل کو ویلنگٹن کے آرمڈ فورسز کالج میں ایک پروگرام میں شرکت کے لیے گئے تھے۔ سی ڈی ایس راوت آج ویلنگٹن میں ایک لیکچر دینے کے بعد کنور لوٹ رہے تھے۔ یہاں سے انہیں دہلی کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن خراب موسم کی وجہ سے ان کا ہیلی کاپٹر سلور اور کوئمبٹور کے درمیان گھنے جنگل میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اگرچہ اب تک اس حادثے کے بارے میں فوج کی طرف سے کوئی آفیشیل بیان نہیں جاری کیا گیا ہے، لیکن ایئر فورس حادثے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تفتیش کا حکم دیا ہے۔ذرائع کے مطابق سی ڈی ایس جنرل بپن راوت بھی ان سنگین لوگوں میں شامل ہیں جنہیں اسپتال لے جایا گیا ہے۔ ویلنگٹن کے فوجی اسپتال میں سنگین فوجی افسروں کو دہلی لائے جانے کی تیاری ہے، اس لئے فضائیہ نے ایئر امبولینس کو تمل ناڈو بھیجا ہے۔ ادھروزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس ہیلی کاپٹر کے حادثے پر آج وزیر اعظم نریندر مودی اور پارلیمنٹ کو مطلع کریں گے۔مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ٹویٹ کرکے حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ میں لکھا ’سی ڈی ایس بپن راوت جی کے ساتھ ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے کے بارے میں سن کر صدمہ پہنچا۔ میں سب کی سلامتی، خیریت کے لیے دعا گو ہوں۔