ہیلی کاپٹر حادثہ کو لے کر بدھ کی شامل 6.30بجے وزیر اعظم کی رہائش گاہ لوک کلیان مارگ پر سیکورٹی پر مرکزی کابینہ کی سلامتی سے متعلق کمیٹی (سی سی ایس) کی میٹنگ ہوئی۔اس میں وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ وزیردفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، وزیر خزانہ نرملا سیتارامن اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر موجود تھے۔ میٹنگ میں اگلے سی ڈی ایس کی تقرری کے لیے موجودہ آرمی چیف جنرل منوج مکند نروانے کے نام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بپن راوت اور ان کی اہلیہ کی لاشیں جمعرات کو دہلی لائی جائیں گی۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج تمل ناڈو میں بھارتی فضائیہ کے ایک ہیلی کاپٹر کے حادثے میں پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا اور دیگر 11 افراد کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ اور مسلح افواج کے دیگر 11 اہلکاروں کی آج تمل ناڈو میں ایک انتہائی بدقسمتی ہیلی کاپٹر حادثے میں اچانک موت سے گہرا دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بے وقت موت ہماری مسلح افواج اور ملک کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ جنرل راوت نے غیر معمولی ہمت اور لگن کے ساتھ ملک کی خدمت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس سٹاف کی حیثیت سے انہوں نے ہماری مسلح افواج کے اشتراک کا منصوبہ تیار کیا تھا۔ اس حادثے میں جن لوگوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے ان کے اہل خانہ سے میری تعزیت ہے۔ گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا، جو اس وقت ملٹری اسپتال، ویلنگٹن میں زیر علاج ہیں۔ گروپ کیپٹن ورون سنگھ کو اس سال یوم آزادی پر 2020 میں فضائی ایمرجنسی کے دوران اپنے ایل سی اے تیجس جنگی طیارے کو بچانے کے لیے شوریہ چکر سے نوازا گیا۔