Urdu News

جھارکھنڈ میں ماب لنچنگ کے قصورواروں کو ملے گی سزائے موت

جھارکھنڈ میں ماب لنچنگ کے قصورواروں کو ملے گی سزائے موت

جھارکھنڈ میں نافذ ہوگا پریوینشن آف لنچنگ ایکٹ، مسودہ تیار، جلد قانون بنایا جائے گا

اب جھارکھنڈ میں ماب لنچنگ سے کسی کی موت ہوتی ہے تو مجرموں کو سزائے موت دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی  10 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔ اگر کسی کو لنچنگ میں چوٹ پہنچتی ہے تو قصوروار کو تین سال تک قید اور ایک لاکھ سے تین لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب اگر کسی کو شدید تکلیف پہنچتی ہے تو مجرم کو 10 سال سے لے کر عمر قید اور تین سے پانچ لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ یہ قانون مغربی بنگال میں پہلے سے نافذ ہے۔ اب یہ قانون جھارکھنڈ میں بھی نافذ کیاجا رہا ہے۔ ماب لنچنگ کے واقعات کو روکنے کے لیے ریاستی حکومت نے جھارکھنڈ میں پریوینشن آف لنچنگ بل 2021 کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت جھارکھنڈ کے لوگوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے یہ بل لا رہی ہے۔ اس میں مجرموں کے خلاف تین طرح کی سزاؤں کا انتظام ہے۔ مسودہ منظوری کے لیے محکمہ داخلہ کو بھیجا جائے گا۔ وہاں سے منظوری ملنے کے بعد اسے کابینہ میں رکھا جائے گا۔

اگر کوئی سازش کرتا ہے یا کسی کو لنچنگ کرنے کے لئے اکساتا ہے، یا کسی قسم کی مدد فراہم کرتا ہے، تو اسے اسی طرح سزا دی جائے گی،جیسا  لنچنگ کا ارتکاب کرنے والے مجرم کو۔ اگر کوئی ملزم کی گرفتاری یا سزا کے دوران رکاوٹ پہنچاتا ہے تو اسے تین سال کی سزا اور ایک لاکھ سے تین لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا دی جائے گی۔

لنچنگ کا ماحول بنانے پر بھی سزا دی جائے گی

 لنچنگ کے جرم سے متعلق کسی بھی ثبوت کو ضائع کرنے  والے کو بھی  مجرم سمجھ کر ایک سال کی سزا اور 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیاجائے گا۔  اگر کوئی لنچنگ کا ماحو ل تیار کرنے میں تعاون کرتا ہے تو ایسے شخص کو تین سال قید اور ایک سے تین لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔  ضابطہ فوجداری کے تحت تفتیش کی جن تجاویز کا ذکر کیا گیا ہے، وہی عمل یہاں بھی اپنا یا جائے گا۔ اس ایکٹ سے متعلق جرائم ناقابل ضمانت ہوں گے۔

Recommended