ممبئی میں اومیکرون کے خطرے اور متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر شہر میں پابندیاں بڑھا دی گئی ہیں۔ نئے سال کی تمام پارٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ممبئی کے وزیر انچارج اسلم شیخ نے بتایا کہ یہ پابندیاں 16 دسمبر سے 31 دسمبر تک نافذ رہیں گی۔
اسلم شیخ نے کہا کہ شہر میں اومیکرون کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر شہر میں دن کے وقت دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تمام کاروباری اداروں کو صرف 50 فیصد افراد کو ہی بلانے کا حکم دیا گیا ہے۔ شہر میں 31 دسمبر تک تمام سیاسی، سماجی، ثقافتی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اسی طرح کرسمس پر بھی لوگوں کے اکٹھے ہونے پر پابندی لگانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر سریش کاکانی نے کہا کہ ممبئی کے تمام محکمہ جاتی دفاتر میں ممکنہ اومیکرون سے متاثر ین کا پتہ لگانے کا کام جاری ہے۔ ممبئی میں کورونا قوانین پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ ممبئی پولیس کمشنر ہیمنت ناگرالے نے تمام عوامی مقامات پر صرف ان لوگوں کو اجازت نامہ جاری کیا ہے جو کورونا ویکسینیشن کی دونوں خوراکیں لے چکے ہیں۔ اسی طرح کسی بھی دکان، پبلک ٹرانسپورٹ میں صرف کورونا کی دونوں خوراک لینے والوں کو سفر کرنے کی اجازت جاری کی گئی ہے۔ ممبئی کے پولیس کمشنر نے بھی کورونا قوانین پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔