وراٹ کوہلی نے بدھ کے روز جنوبی افریقہ روانگی سے قبل ایک پریس کانفرنس کی او راپنی کپتانی کو لے کر اٹھ رہے تنازعے پر وضاحت پیش کی۔ اس دوران انہوں نے اپنی کپتانی پر بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی کے بیان کو غلط قرار دیا۔
وراٹ کوہلی نے بدھ کے روز ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی کے اس بیان کی تردید کی جس میں گنگولی نے کہا کہ انہوں نے وراٹ سے درخواست کی تھی کہ وہ ٹی۔20 کی کپتانی نہ چھوڑیں۔ کوہلی نے کہا کہ جو بھی فیصلہ لیا گیا، اسے لے کر جو بھی بات چیت ہوئی، اس کے بارے میں جو بھی کہا گیا، وہ غلط ہے۔ ہندوستانی ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی نے بدھ کے روز کہا کہ انہیں جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے ٹیم کے انتخاب سے 90 منٹ قبل ون ڈے کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ان سے کبھی بھی ٹی۔20 کپتانی کاعہدہ چھوڑنے پر دوبارہ غور کرنے کو نہیں کہا، جیسابورڈ نے دعوی کیا ہے۔
واضح ہو کہ ٹیم انڈیا کے سابق کپتان اور اب بورڈ کے صدر سورو گنگولی نے کچھ دن پہلے وراٹ کوہلی کی ون ڈے کپتانی کے بارے میں کہا تھا، 'وراٹ کو ون ڈے کی کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ بی سی سی آئی اور سلیکٹرس نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ بی سی سی آئی نے وراٹ سے کہا تھا کہ وہ ٹی۔20 کی کپتانی نہ چھوڑیں، لیکن وہ راضی نہیں ہوئے“۔
گنگولی نے کہا، ”سلیکٹرس کا خیال تھا کہ محدود اوورس کے فارمیٹ میں دو مختلف کپتان نہیں ہونے چاہئیں۔ اس لیے یہ فیصلہ کیا گیا۔ اب وراٹ ٹیسٹ کپتان رہیں گے اور روہت ون ڈے، ٹی۔20 کی کمان سنبھالیں گے“۔
وراٹ نے بدھ کے روز ایک سوال کے جواب میں کہا،’میں نے بی سی سی آئی سے کہا تھا کہ میں ٹی۔ 20 کی کپتانی چھوڑنا چاہتا ہوں، جب میں نے ایسا کیا تو بورڈ نے میری بات کو بہت اچھی طرح سے مان لیا۔ اس میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں تھی۔ کسی نے مجھے کپتانی جاری رکھنے کے لئے نہیں کہا۔ بورڈ نے مجھے بتایا کہ یہ ایک اچھا قدم ہے“۔
کوہلی نے مزید کہا، ’میں نے اسی وقت بورڈ سے کہا تھا کہ میں ون ڈے اور ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کرنا چاہتا ہوں۔ میری طرف سے پیغام صاف تھا، لیکن میں نے حکام سے بھی کہہ دیا تھا کہ اگر انہیں ایسا نہیں لگتا، تو بھی کوئی پریشانی نہیں ہے“۔
ٹی۔20 ورلڈ کپ سے قبل جب وراٹ کوہلی نے اس مختصر ترین فارمیٹ کی کپتانی چھوڑی تو گنگولی نے کہا تھا کہ کوہلی کے ٹی۔20 کی کپتانی چھوڑ نے سے وہ حیران ہیں۔انہوں نے کہا تھا، وراٹ نے یہ فیصلہ دورہ انگلینڈ کے بعد لیا ہوگا۔ یہ کوہلی کا اپنا فیصلہ ہے۔ بی سی سی آئی کی طرف سے کوہلی پر کوئی دباو نہیں تھا۔ ہم نے انہیں کپتانی چھوڑنے کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔ ہم ایسا نہیں کرتے کیونکہ میں بھی ایک کھلاڑی رہا ہوں اور میں اسے اچھی طرح سمجھتا ہوں۔
واضح ہو کہ بی سی سی آئی نے وراٹ کوہلی کی جگہ روہت شرما کو ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔پریس کانفرنس کے دوران ٹیم انڈیا کے ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی نے تمام سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ وہ محدود اوور کے نئے کپتان روہت شرما اور ہیڈ کوچ راہل دراوڑ کے وژن کی مکمل حمایت کریں گے۔