آرمی چیف جنرل ایم ایم نروانے نے چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر چارج سنبھال لیا ہے جس میں تینوں سروس چیفس شامل ہیں۔ حلقہ کے جانکار لوگوں نے یہ بات بتائی۔یہ عہدہ 8 دسمبر کو آئی اے ایف ہیلی کاپٹر حادثے میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی موت کے بعد خالی ہوا تھا۔جنرل نروانے کو کمیٹی کے چیئرمین کی ذمہ داری سونپی گئی ہے کیونکہ وہ تین سروس چیفس میں سب سے سینئر ہیں۔
آئی اے ایف کے سربراہ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آر ہری کمار نے 30 ستمبر اور 30 نومبر کو اپنے اپنے عہدوں کو سنبھال لیا تھا۔چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) کے عہدے کی تخلیق سے پہلے، تینوں فوجی سربراہوں میں سب سے سینئر چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا چیئرمین ہوا کرتا تھا۔چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CoSC) نے منگل کو ملاقات کی اور جنرل راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا اور مسلح افواج کے 11 اہلکاروں کی موت پر تعزیت کی۔