دنیا بھر میں مہاجرین کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس سلسلے میں یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل اور یورپین کمیشن نے کہا کہ ہجرت ہمیشہ سے ہماری یورپی شناخت کا حصہ رہی ہے
مہاجرین کے عالمی دن کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (ا?ئی ایم او) کے مطابق صرف گذشتہ سال 2020 میں 281 ملین افراد مہاجرین کے طور پر تھے، اس لحاظ سے یہ تعداد پوری دنیا کی آبادی کا 3.6 فیصد بنتی ہے۔ادارے نے اس سال کا تھیم ’انسانی نقل و حرکت کی صلاحیت کو بروئے کار لانا‘ رکھا ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر میں ایک ملک سے دوسرے ملک میں ہجرت کرنے والے افراد کے بنیادی انسانی حقوق کا خیال رکھتے ہوئے ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ہے۔
اس دن کے حوالے سے جاری کردہ ایک مشترکہ پیغام میں یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل اور یورپین کمیشن نے کہا کہ ہر سال تقریباً 2 ملین لوگ یورپین یونین میں آباد ہوتے ہیں اور 1 ملین افراد یورپین یونین سے کہیں اور آباد ہونے کے لیے ہجرت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہجرت ہمیشہ سے ہماری یورپی شناخت کا حصہ رہی ہے اور یہ ہمیشہ رہے گی۔جوزپ بوریل کا کہنا تھا کہ صدیوں کے دوران اس عمل نے ہمارے معاشروں کو متاثر کرتے ہوئے ہماری ثقافتوں کو تقویت بخشی ہے، ہماری اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالا ہے اور ہماری بہت سی زندگیوں کو تشکیل دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر یورپین یونین تمام تارکین وطن کے وقار اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کرتی ہے۔یاد رہے کہ یورپین یونین کی 500 ملین کے قریب آبادی میں سے 23 ملین غیر یورپی شہری ہیں جبکہ 37 ملین افراد ایسے ہیں جو یورپین یونین سے باہر پیدا ہوئے ہیں۔