ملک کی راجدھانی دہلی میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ دہلی حکومت کی طرف سے بدھ کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 10,665 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔
اس دوران کل آٹھ افرادکی موت ہوئی ہے۔ 2239 افراد صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کوواپس جا چکے ہیں۔ دہلی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق راجدھانی میں بھی انفیکشن کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں انفیکشن کی شرح بڑھ کر 11.88 فیصد ہوگئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کے روز دہلی میں کورونا کے 5,481 نئے معاملے سامنے آئے اور انفیکشن کی شرح 8.37 فیصد تھی۔دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے لوگوں سے تمام کورونا پروٹوکول پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دہلی حکومت نے کورونا سے نمٹنے کی تیاری کر لی ہے۔اسپتال میں بستروں، ادویات سمیت آکسیجن کا مکمل نظام موجود ہے۔