پنجاب کے پرائمری ٹرینڈ ٹیچرس (ای ٹی ٹی) نے بدھ کے روز کانگریس صدر سونیا گاندھی اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا۔
احتجاج کرنے والے اساتذہ نے پنجاب حکومت پر الزام عائد کیا کہ انہیں گزشتہ ایک سال سے آدھی تنخواہ دی جا رہی ہے اور وجہ نہیں بتائی جا رہی ہے۔ اساتذہ کا الزام ہے کہ ریاست کے ذمہ دار عہدیدار اس مسئلہ پر انہیں گمراہ کررہے ہیں۔ پنجاب کی وزارت تعلیم یہ بھی نہیں بتا رہی کہ ان کی تنخواہوں میں کیوں کٹوتی کی جا رہی ہے۔
احتجاج کے دوران اساتذہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پنجاب کے وزیر تعلیم سردار پرگٹ سنگھ سے اس معاملے پر بات کی تھی لیکن انہوں نے معاملہ کو ٹال دیا جس کے بعد اساتذہ کو مجبوراً دہلی کی طرف آنا پڑا۔
قابل ذکر ہے کہ ای ٹی ٹی اساتذہ اس معاملے کو لے کر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے گھر کے باہر پہلے ہی مظاہرہ کر چکے ہیں۔ دہلی میں بارش اور سردی کے باوجود اساتذہ نے آج سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے گھر کے سامنے مظاہرہ کیا۔