واشنگٹن،07جنوری(انڈیا نیرٹیو)
امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے جھوٹ کے جال کو امریکہ کی جمہوریت کے لئے خطرہ بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے آج ہی کے دن جمہوریت پر حملہ کیا گیا تھا۔امریکہ میں کیپیٹل ہل پر حملے کا ایک سال مکمل ہونے پر امریکی صدر جو بائیڈن نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 جنوری کو کیپیٹل ہل پر حملہ کرنے والوں نے امریکہ اور امریکی جمہوریت کے گلے پر خنجر تانا تھا۔ میں کسی کو جمہوریت پر خنجر تاننے نہیں دوں گا۔ انھوں نے کہا کہ ایک سال پہلے امریکی صدارتی الیکشن ہارنے والے صدر نے اقتدار کی پرامن منتقلی روکنے کی کوشش کی۔ پہلے مشتعل ہجوم نے کیپیٹل ہل پر دھاوا بولا لیکن وہ ناکام ہوئے۔
جو بائیڈن نے کہا کہ کیپیٹل ہل جب زیرقبضہ تھا اس وقت کئی گھنٹوں تک ڈونلڈ ٹرمپ نے کچھ نہیں کیا۔ 6 جنوری کو فسادی، امریکی آئین کو پامال کرنے کے در پے تھے۔ صدر بائیڈن کے مطابق فسادات میں ملوث افراد سیاح نہیں بلکہ آئین مخالف لوگ تھے۔ آج اس دن کی یاد میں ہمیں یقینی بنانا ہوگا کہ آئندہ ایسا حملہ کبھی نہ ہو۔ سابق صدر ٹرمپ نے 2020 کے انتخابات کے بارے میں جھوٹ کا جال پھیلایا۔ انھوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ہار تسلیم نہیں کرسکے۔ انتخابی نتائج اور امریکی عوام کی مرضی قبول کرنے سے انکار کرنے والے ٹرمپ پہلے امریکی صدر تھے۔ ووٹنگ کے حقوق دبانیکی ٹرمپ اورحامیوں کی کوششیں غلط اور غیر امریکی تھیں۔ ٹرمپ شکست خوردہ سابق صدر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن نتائج غلط ہونے سے متعلق کوئی ثبوت نہیں۔ ٹرمپ 7 ملین سے زیادہ ووٹوں سے ہار گئے تھے۔صدر بائیڈن نے کہا کہ آپ اپنے ملک سے صرف اس وقت پیار نہیں کر سکتے جب آپ جیت جاتے ہیں۔ وہ جھوٹ جس نے 6 جنوری کے حملے کا غصہ اور پاگل پن پیدا کیا، ختم نہیں ہوا۔