پیرا اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے والے شرد کمار نے جمعے کے روز ٹوکیو پیرا لمپکس کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کی اسکول دورے کی مہم کا آغاز کیا اور کیرالہ میں لڑکیوں کے جی ایچ ایس ایس اسکول، تریویندرم کا دورہ کیا۔
میزبان اسکول کے ارکان کے علاوہ کیرالہ کے مختلف اضلاع کے 75 سے زیادہ اسکولوں کے طلبہ نمائندوں کو بھی اس پروگرام میں شرکت کا موقع ملا اور ورلڈ چمپئن شپ سلور مڈلسٹ کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کئے۔
مختلف کھیلوں میں اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے شرد نے کہا کہ انہیں بھی یہ پتہ نہیں تھا کہ ہائی جمپ ان کے لئے اتنی اچھی ثابت ہوگی۔ میں نے اسے اس لئے چنا کہ یہ مجھے اپنی طرف کھینچ رہی تھی۔ میں کرکٹ، فٹبال اور ٹیبل ٹینس کھیل رہا تھا۔ میں نے خود کو کھیلوں کے لئے وقف کر دیا اور کبھی یہ نہیں کہا کہ میں فٹبال اور کرکٹ میں اچھا ہوں۔ لہذا یہ کھیل نہیں کھیلوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھیل کا اپنا الگ تاثر ہے۔ شطرنج نے مجھے دماغی طور پر مضبوط بنایا، فٹبال نے مجھے پھرتی سکھائی اور ہائی جمپ نے مجھے بتایا کہ فزکس اور سائنس کیا ہے۔ میں نے کھیلوں میں حصہ لیا ، کیونکہ یہ مجھے پسند ہیں۔ میں کسی مجبوری کے سبب کھیلوں میں نہیں آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کے تئیں محبت اور جذبے کے علاوہ ایک ضابطہ بند زندگی گزارنے کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھی اور کامیاب زندگی کے لئے مختصر راستہ ہے کہ وقت پر کھائیں، وقت پر سوئیں، ڈسپلن کے ساتھ کام کریں اور کسی بھی کام کو ادھورا نہ چھوڑیں۔
شرد نے طالبہ سے بات چیت کرتے ہوئے متوازن خوراک اور مستعدی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ضروری نہیں کہ جو خوراک تغذیہ بخش ہے، وہ مہنگی ہو ۔
شرد اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) کے کوچ بھی ہیں۔ انہوں نے ابھرتے ہوئے ایتھلیٹس کو ہائی جمپ میں اچھی کارکردگی کے گُربتائے اور خود بھی ٹیبل ٹینس کھیل کر دکھایا۔
یہ انوکھی پہل حکومت کے آزادی کا امر ت مہوتسو پروگرام کا حصہ ہے اور اولمپک گولڈ مڈلسٹ نیرج چوپڑا نے دسمبر 2021 میں ا س کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے والے بجرنگ پونیا نے اسے آگے بڑھایا اور سیلرز ورون بھٹکر اور کے سی گنپتی آنے والے ہفتوں میں اسے آگے لے جائیں گے۔
‘میٹ دی چمپئنز’ پروگرام اسکولوں کے دورے کا انوکھا پروگرام ہے، جس کا اہتمام وزارت تعلیم اور نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت نے مشترکہ طور سے کیا ہے۔ اپنے دورے کے دوران اولمپک کھلاڑیوں نے اپنے تجربات ، زندگی کے سبق اور صحیح طریقے سے خوراک لینے کے بارے میں طلبہ کو بتایا۔