چندر شیکھرن نے کہا، ٹاٹا گروپ ایئر انڈیا کو عالمی معیار کی ایئر لائنس بنائے گا
آخر کار 69 سال بعد ٹاٹا گروپ نے پبلک سیکٹر ایئر لائن ایئر انڈیا کی ملکیت حاصل کر لی ہے۔ یہ اعلان ٹاٹا سنس کے چیئرمین این چندرشیکھرن کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد کیا گیا۔ اس کے بعد چندرشیکھرن نے کہا کہ ہم ٹاٹا گروپ میں ایئر انڈیا کو واپس پاکر کافی پرجوش ہیں۔ ٹاٹا گروپ اسے عالمی ایئر لائن بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
محکمہ سرمایہ کاری اور عوامی اثاثہ جات کے انتظام (دیپم)کے سکریٹری توہین کانت پانڈے نے جمعرات کے روز ٹویٹ کیا کہ ایئر انڈیا کا اسٹریٹجک ڈس انویسٹمنٹ ٹرانزیکشن کامیابی سے مکمل ہوا، جس میں ایئر انڈیا کے 100 فیصد شیئراور انتظامی کنٹرول میسرس ٹیلس کو منتقل کر دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایئر انڈیا کا چارج اسٹریٹجک پارٹنر کی سربراہی کرنے والے ایک نئے بورڈ آف ڈائریکٹرس نے سنبھال لیا ہے۔ ٹاٹا گروپ کی ہولڈنگ کمپنی ٹیلس پرائیویٹ لمیٹڈ نے 8 اکتوبر 2021 کو ایئر انڈیا کو 18,000 کروڑ روپے میں حاصل کرنے کی بولی جیت لی۔ ٹاٹا گروپ حکومت کو 2,700 کروڑ روپے نقد دے گا اور اس کے علاوہ ایئر انڈیا کا 15,300 کروڑ روپے کا قرض ادا کرے گا۔
وزارت خزانہ نے ایک بیان میں یہ بھی کہا کہ ایئر انڈیا کا اسٹریٹجک ڈس انویسٹمنٹ لین دین مکمل ہو گیا ہے، جس میں حکومت کو اسٹریٹجک پارٹنر (میسرس ٹیلس پرائیویٹ لمیٹیڈ، میسرس ٹاٹاسنس پرائیویٹ لمیٹیڈ کی مکمل ملکیتی ماتحت کمپنی) سے 2,700 کروڑ روپے حاصل ہوئے ہیں۔ ایئر انڈیا اور اے آئی ایکس ایل کے 15300کروڑ روپے کے قرض کی ذمہ داری سمیت ایئر اندیا کے شیئر (ایئر انڈیا اور اس کی ذیلی کمپنی اے آئی ایکس ایل کے 100 فیصد حصص اوراے آئی ایس اے ٹی ایسکے 50 فیصدشیئر)کو اسٹریٹجک پارٹنر کو منتقل کر دیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب ٹاٹا سنس کے چیئرمین این چندرشیکھرن نے کہا کہ ٹاٹا گروپ ایئر انڈیا کو عالمی معیار کی ایئر لائن بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹاٹا گروپ وزیر اعظم نریندر مودی کی اصلاحات کے عزم اور ہندوستان کے کاروباری جذبے میں اعتماد سے پوری طرح واقف ہے۔ یہ 'تاریخی تبدیلی' اسی وجہ سے ممکن ہوسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے گروپ میں ایئر انڈیا کے تمام ملازمین کا پرتپاک خیرمقدم کرتا ہوں اور مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ چندر شیکھرن نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کے ہوابازی شعبہ کو سستابنانے اور شہریوں کے لئے ’رہن سہن کا آسان‘ بنانے میں تعاون کو یقینی بنانے کے نظریے سے متفق ہیں۔